شہر میں فروغ امن و سلامتی کے اقدامات ‘ غنڈہ عناصر کے خلاف کارروائی
حیدرآباد 5 اکٹوبر (سیاست نیوز) کمشنر پولیس حیدرآباد مسٹر ایم مہندر ریڈی شہر کے خطرناک روڈی شیٹرس کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے ویسٹ زون سے تعلق رکھنے والے تین بد نام زمانہ روڈی شیٹرس کو پی ڈی ایکٹ کے تحت حراست میں لیتے ہوئے انہیں جیل منتقل کردیا ۔ شہر میں امن و سلامتی کو فروغ دینے کے حصہ کے طور پر روڈی عناصر کی نقل و حرکت پر نظر رکھتے ہوئے ان کے خلاف سخت کارروائیاں کی جارہی ہیں۔ کمشنر پولیس نے ایسے روڈی شیٹرس کی نشاندہی کی ہے جو امن و سلامتی کے لئے خطرہ ہے اور وہ قتل و جبراً وصولی کے علاوہ کئی غیر قانونی سرگرمیوں میں ملوث ہیں۔ عوام میں اعتماد پیدا کرنے کیلئے روڈی شیٹرس کے خلاف سخت کارروائی کی جارہی ہے اور ریاست کے سخت قانون پی ڈی ایکٹ کے تحت وسیسٹ زون کے تین خطرناک روڈی شیٹرس محمد فردوس ساکن سید نگر بنجارہ ہلز ، محمد لطیف ساکن نیو ملے پلی اور محمد تنویر ساکن یلاریڈی گوڑہ کو بھی حراست میں لیتے ہوئے انہیں جیل بھیج دیا ۔ واضح رہے کہ سابق میں کمشنر پولیس نے ویسٹ زون سے تعلق رکھنے والے دو بد نام زمانہ روڈی شیٹرس محمد قیصر اور جنگلی یوسف کو بھی اسی ایکٹ کے تحت حراست میں لیکر جیل بھیج دیا تھا۔