تیل کمپنیاںآدھار کارڈ پر اصرار نہ کریں:مدراس ہائیکورٹ

مدورائی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) مدراس ہائیکورٹ نے آج تیل کمپنیوں کو ہدایت دی کہ وہ راست سبسڈی منتقلی سے استفادہ کیلئے صارفین کے آدھار کارڈز داخل کرنے پر اصرار نہ کریں۔ جسٹس آر سدھاکر اور جسٹس وی ایم ویلمونی پر مشتمل مدراس ہائیکورٹ کی مدورائی بنچ نے کہا کہ اس معاملہ پر سپریم کورٹ میں سماعت جاری ہے اور جب تک عدالت عظمی کی جانب سے فیصلہ نہیں ہوجاتا اس وقت تک ایل پی جی ایجنٹس یا تیل کمپنیوں کو چاہئے کہ وہ آدھار کارڈ داخل کرنے یا نمبرس فراہم کرنے پر اصرار نہ کریں۔ بنچ نے پہلے ہی نوٹسیں جاری کرنے کی ہدایت دیدی ہے تاکہ تیل کمپنیوں کو اپنی رائے پیش کرنے کا موقع مل سکے ۔ درخواست گذار ایس ایم اننتا مورگن نے اپنی مفاد عاملہ کی درخواست میں کہا کہ گیس ایجنسیاں آدھار کارڈ کے لزوم پر اصرار کر رہی ہیں جو سپریم کورٹ کی ہدایت کے مغائر ہے ۔

سومناتھ بھارتی کے خلاف کارروائی کی جائے
لیفٹننٹ گورنر دہلی نجیب جنگ سے کانگریس کی نمائندگی
نئی دہلی 23 جنوری ( سیاست ڈاٹ کام ) کانگریس پارٹی نے ‘ جو دہلی میں عام آدمی حکومت کی باہر سے تائید کر رہی ہے ‘ آج لیفٹننٹ گورنر نجیب جنگ سے ملاقات کی اور نمائندگی کی کہ وہ پولیس کو دہلی کے متنازعہ وزیر قانون سومناتھ بھارتی کے خلاف کارروائی کی ہدایت دیں کیونکہ انہوں نے گذشتہ ہفتے کچھ افراد کے ایک ہجوم کے ساتھ ایک علاقہ پر دھاوا کیا تھا ۔ دہلی کانگریس قائدین کے ایک وفد نے دہلی پردیش کانگریس کمیٹی کے صدر اروندر سنگھ لولی کی قیادت میں نجیب جنگ سے ملاقات کرکلکے ان سے مطالبہ کیا کہ سومناتھ بھارتی کے خلاف دستیاب ثبوتوں کی اساس پر کارروائی کی جائے ۔لولی نے ملاقات کے بعد میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ دہلی پولیس اس کیس کی جامع تحقیقات نہیں کر رہی ہے ۔ ہم نے لیفٹننٹ گورنر سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ پولیس کو قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت دیں۔ وزیر قانون بھی قانون سے ماورا نہیں ہیں۔ جو کچھ بھی قانونی کارروائی کی جانی چاہئے وہ ہونی چاہئے ۔ لیفٹننٹ گورنر نے اس معاملہ میں غیر جانبدارانہ اور منصفانہ تحقیقات کا تیقن دیا ہے ۔ اس سوال پر کہ آیا دہلی کانگریس نے سومناتھ بھارتی کی برطرفی کا مطالبہ کیا ہے انہوں نے کہا کہ ہم نے صرف یہ مطالبہ کیا ہے کہ دہلی پولیس کو اس کیس میں قانون کے مطابق کارروائی کی ہدایت دی جائے ۔