نئی دہلی 10 اپریل (سیاست ڈاٹ کام ) ملک کی 14 ریاستوں اور مرکزی زیر انتظام علاقوں میں 51 لوک سبھا حلقوں کیلئے آج زبردست رائے دہی ریکارڈ کی گئی ۔ تیسرے مرحلے کی پولنگ میں تشدد کے واقعات بھی پیش آئے ۔ چندی گڑھ میں سب سے زیادہ 74 فیصد پولنگ ہوئی۔ چھتیس گڑھ اڑیسہ اور بہار میں نکسلائٹس سے مربوط تشدد کے واقعات پیش آئے جس میں سی آر پی ایف کے دو جوان اور ایک ریاستی پولیس جوان ہلاک ہوا۔ تمام لوک سبھا حلقوں میں گذشتہ انتخابات کے برعکس اس مرتبہ رائے دہی زبردست رہی۔ اتر پردیش میں مظفر نگر اور شاملی جہاں پر گذشتہ سال اگست میں بھیانک فرقہ وارانہ فسادات بھڑک اٹھے تھے، اوسط درجہ کی رائے دہی ریکارڈ کی گئی یہاں پر 67.78 فیصد اور 70.85 فیصد رائے دہی ہوئی۔ ڈپٹی الیکشن کمشنر ونود زوتسی نے بتایا کہ اتر پردیش کے 10 حلقوں میں آج رائے دہی ہوئی یہاں گذشتہ 51.30 کے مقابل 65 فیصد ووٹ ڈالے گئے۔ دہلی میں بھی رائے دہی کے فیصد میں 12 تک اضافہ ہوا ۔ 2009 کے انتخابات میں کم پولنگ ہوئی تھی اس مرتبہ 64 پولنگ ریکارڈ کی گئی۔
چھتیس گڑھ کے بستر علاقہ میں سب سے کم رائے دہی ریکارڈ کی گئی جہاں 51.7 فیصد پولنگ ریکارڈ کی گئی ۔ الیکشن کمیشن نے بتایا کہ 91 حلقوں میں رائے دہی کا درست فیصد مختلف علاقوں سے تفصیلات ملنے کے بعد ہی واضح ہوجائے گا۔ الیکشن کمیشن نے بہار میں 22 مقامات پر جموئی میں 19 مقامات پر اور ناؤڈا میں 2 اور گیا میں ایک پر پولنگ ملتوی کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔ جھارکھنڈ کے چار حلقوں میں آج 18 فیصد رائے دہی ہوئی ۔ مدھیہ پردیش کے 9 حلقوں میں رائے دہی ہوئی جہاں 54.13 رائے دہندوں نے حصہ لیا۔ نکسلائٹس سے متاثرہ ریاستوں جھارکھنڈ اور بہار میں تشدد کے واقعات پیش آئے جہاں ماؤسٹوں نے دو سی آر پی ایف جوانوں کو ہلاک کردیا اور بارودی سرنگ دھماکے کئے۔ نئی دہلی میں نائب صدر جمہوریہ حامد انصاری ، کانگریس صدر سونیا گاندھی ، کانگریس نائب صدر راہول گاندھی اور عام آدمی پارٹی لیڈر اروند کجریوال نے اولین وقت میں پہنچ کر حق رائے دہی سے استفادہ کیا۔ دہلی میں لوک سبھا کی 7 نشستوں کیلئے رائے دہی آج مقرر تھی اور صبح 7 بجے اس کا آغاز ہوا ۔
بہار میں 6 لوک سبھا حلقوں کے لئے رائے دہی تشدد کے سایہ میں شروع ہوئی جہاں ماؤسٹوں نے دو سی آر پی ایف جوانوں کو ہلاک اور دیگر سات کو زخمی کردیا۔ ضلع منگر میں واقع جموئی حلقہ کے پولنگ اسٹیشن جارہے سی آر پی ایف جوانوں کو انہوں نے نشانہ بنایا ۔ ماؤسٹوں نے پہلے آئی اے ڈی کا استعمال کرتے ہوئے دھماکہ اور پھر گھات لگاکر سی آر پی ایف عملہ پر حملہ کردیا ۔ انہوں نے تقریباً 5.30 بجے صبح بھیم بندھ جنگل کے داخلے کے مقام پر یہ کارروائی کی۔ سیکوریٹی عملہ نے ماؤسٹوں نے جوابی فائر کیا ۔ ایک اور واقعہ میں گیا پولیس نے 6 کیان بم برآمد کئے جن میں ہر ایک کا وزن تقریباً 30 کیلو گرام تھا۔ امام گنج حلقہ کے تحت بنکے بازار علاقہ میں یہ ضبطی عمل میں آئی جو اورنگ آباد لوک سبھا حلقہ کا ایک حصہ ہے اور یہاں بھی رائے دہی جاری ہے ۔ گیا کے سینئر سپرنٹنڈنٹ پولیس نشانت تیواری نے کہا کہ ان بموں کو ناکارہ کردیا گیا ہے۔ آج جن دیگر ریاستوں میں رائے دہی ہوئی ان میں کیرالا (20 نشستیں)، مہاراشٹرا ، اڈیشہ ، ہریانہ ، اترپردیش (فی کس 10 نشستیں) ، مدھیہ پردیش (9) ، دہلی (7) اور بہار (6) شامل ہیں۔