احمد آباد ۔ 23 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : سماجی کارکن تیستاسیتلواد کے خلاف ٹوئٹر پر ہندو دیوی دیوتاؤں کی قابل اعتراض تصاویر اپ لوڈ کرنے پر گجرات میں دو ایف آئی آر درج کئے گئے ہیں ۔ وی ایچ پی کارکن راجو پاٹل نے پہلی ایف آئی آر گھاٹ لوڈیا پولیس اسٹیشن میں درج کرائی جب کہ دوسری ایف آئی آر بھاونگر کے سی ڈیویژن پولیس اسٹیشن میں کیرت مستری نے درج کرائی ہے ۔ اس کے علاوہ شیوسینا کارکن جیتو سولنکی نے گومتی پور پولیس اسٹیشن میں درخواست دیتے ہوئے تیستاسیتلواد کے خلاف قانونی کارروائی کا مطالبہ کیا ۔ سماجی کارکن نے کل ٹوئٹر پر فوٹو شاپ میں تیار کردہ تصاویر پیش کی جن میں دیگر کے علاوہ آئی ایس آئی ایس دہشت گردوں کو امریکی صحافی جیمز فولے کیساتھ دکھایا گیا جو اس کا سر قلم کرنے سے پہلے لی گئی تھی ۔ ایف آئی آر کے بموجب تصویر میں اقلیتی فرقہ کے ایک رکن کو سدرشن چکر کے ساتھ دکھایا گیا جب کہ دوسری تصویر میں ایک دہشت گرد صحافی کا سر قلم کررہا ہے ۔ تیستاسیتلواد نے اپنے بلاگ اور ٹوئٹر پر معذرت خواہی کی ہے ۔۔