تیراکی کے دوران سیلفی نے دو نوجوانوں کی جان لے لی

شمس آباد /3 اکٹوبر ( سیاست نیوز ) شمس آباد کے موضع کوتوال گوڑہ میں کل دو نوجوان تیراکی کے دوران سیلفی لیتے ہوئے پانی میں غرقاب ہوگئے ۔ تفصیلات کے بموجب شہر حیدرآباد کے 14 نوجوان شمس آباد کے موضع کوتوار گوڑہ میں واقع مانسا ہلز میں کواری میں تیرا کی کیلئے آئے ان میں سے کوئی بھی تیراکی سے ناواقف تھا ۔ محمد ابراہیم صدیق ولد محمد انور اللہ صدیق 17 سالہ خانگی ملازم ساکن گولکنڈہ اور زبیر ولد عبدالرشید 18 سلہ ساکن ندیم کالونی ٹولی چوکی سیلفی لے رہے تھے کہ پیر پھسل کر گڑھے میں گرکر غرقاب ہوگئے ۔ اندھیرا ہونے کی وجہ سے نعشوں کو آج صبح نکالا گیا اور بعد پوسٹ مارٹم نعش ورثاء کے حوالے کردی گئی ۔ محمد ناصر سب انسپکٹر نے مقدمہ درج کرلیا۔ مانسا ہلز میں واقع کواری میں تیراکی کے دوران غرقاب ہونے والوں کی تعداد میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ شہر حیدآباد کے مختلف علاقوں سے نوجوان تیراکی کیلئے آتے ہیں جن میں زیادہ تر تیراکی سے ناواقف بھی پانی میں اترتے ہیں اور پیر پھسل کر غرقاب ہوجاتے ہیں ۔ شمس آباد آر جی آئی پولیس کی جانب سے وہاں ایک انتہائی بورڈ بھی نصب کیا ہے جس میں تیراکی سے سخت منع درج ہے ۔ اس کے باوجود نوجوان تیراکی کرتے ہوئے اپنی جانیں گنوا رہے ہیں ۔ والدین کو چاہئے کہ وہ اپنے بچوں پر خاص نظر رکھتے ہوئے انہیں دور مقامات پر گاڑی سے روکیں تاکہ ان کی قیمتی جانیں بچ سکیں  ۔