تہذیب رفتہ کی دوبارہ بحالی۔ چیف منسٹر جناب چندرشیکھر راؤ کا کارنامہ

ڈپٹی چیف منسٹر الحاج محمد محمود علی اور دیگر کا کتاب کی رسم اجراء تقریب سے خطاب
حیدرآباد ۔ یکم ؍ اگست (پریس نوٹ) وزیراعلیٰ تلنگانہ کے چندرشیکھر راؤ نہ صرف گنگاجمنی تہذیب کے دلدادہ ہیں بلکہ وہ نظام کے دور کی تہذیب اور خوشحالی کی بازیافت کا بھی عزم رکھتے ہیں۔ آج سارے ملک میں ہمارا صوبہ گنگاجمنی تہذیب کی عکاسی کررہا ہے۔ یہاں کی ترقی کا فیصد 19.7 ہے جو ملک بھر میں اپنی ایک منفرد مثال ہے۔ کے چندرشیکھر راؤ ملک کے تمام وزرائے اعلیٰ میں انتہائی دوراندیش اور قابل ترین شخصیت کے مالک ہیں۔ ان خیالات کا اظہار نائب وزیراعلیٰ محمد محمود علی نے میڈیا پلس آڈیٹوریم میں جناب جلال الدین اکبر کی کتاب ’’پانچواں گاندھی‘‘ کے اردو اور تلگو ایڈیشن کی رسم اجراء تقریب سے مخاطب تھے۔ اس تقریب کا آغاز ابویاسر کی قرأت کلام پاک سے ہوا۔ نائب وزیراعلیٰ نے اس موقع پر شاعر ادیب اور صحافیوں نے جلال الدین اکبر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ انہوں نے کے سی آر کو پانچواں گاندھی کا جو خطاب عطا کیا ہے وہ حقیقی معنوں میں اس کے مستحق و حقدار ہیں۔ یہ گراں قدر تصنیف لائق تحسین ہے۔ ہندوستان کے پہلے دوہرے شہری جناب افتخار شریف نے مہمان خصوصی کی حیثیت سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ جناب جلال الدین اکبر کی کتاب بہت ہی عمدہ ہے اور اس کتاب کے ہر صفحہ پر جو تصاویر پیش کی گئی ہیں وہ شاذ و نادر ہی مشاہدہ میں آتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآبادی تہذیب اور اردو کلچر کو فروغ دینا ہم سب کی ذمہ داری ہے۔ اس موقع پر جلال الدین اکبر کے ساتھ ایڈیٹر گواہ ڈاکٹر فاضل حسین پرویز کو بھی مبارکباد پیش کی۔ قیوم انور ایڈیٹر ٹی نیوز اردو نے کہا کہ چیف منسٹر مسلمانوں کے ہمدرد اور اردو دوست چیف منسٹر ہیں۔ ہم نے وزیراعلیٰ سے بہت کچھ سیکھا ہے وہ بزرگان دین اور اولیاء اللہ سے محبت کرتے ہیں اور ان کا دل سے ادب و احترام کرتے ہیں۔ انہوں نے جلال الدین اکبر کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ اس کتاب کی ترقیم ایک مستحسن اقدام ہے۔ اس کتاب کے ذریعہ کے سی آر کی شخصیت کے کئی پہلو اجاگر کئے گئے ہیں۔ جناب جلال الدین اکبر نے کہا کہ وزیراعلیٰ کے قول و فعل میں کوئی تضاد نہیں ہے وہ جو کہتے ہیں اس کو عملی جامہ پہناتے ہیں۔ حیدرآبادی تہذیب خلوص، محبت، رواداری، ہمدردی کا وہ ایک جیتا جاگتا پیکر ہیں۔ وہ تلنگانہ کی تہذیب رفتہ کو دوبارہ بحال کرنے کیلئے جی جان سے کوشش کررہے ہیں۔ اس موقع پر جناب مسکین احمد نے کے سی آر کی خوبیوں اور اردو زبان و تہذیب سے ان کی گہری انسیت کو بیان کیا۔ ڈاکٹر سید فاضل حسین نے کتاب کے مصنف کا مختصر تعارف پیش کیا اور مسٹر سید خالد شہباز نے اجلاس کی کارروائی چلائی۔ اس تقریب میں شہر کی کئی معزز شخصیتیں جن میں (ابوجعفر، ابو یاسر فرزندان جلال الدین اکبر) پروفیسر آنند راج ورما، آرٹسٹ وقارالدین ناصر، سردار سلیم، نفیسہ خان، ابونصر، ڈاکٹر جاوید کمال، ڈاکٹر شجاعت علی راشد، ڈاکٹر عبدالرب منظر، ڈاکٹر رحمن خان، حامد علی ہاشمی، تجمل حسین، خورشید حسین، رضی الدین، حافظ معزالدین، حافظ مسیح الدین، حافظ محمد مشتاق اور حافظ جاوید کے علاوہ دیگر شریک تھے۔