تہاڑ جیل کے 66 قیدیوں کو نوکریوں کی پیشکش

نئی دہلی ۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) تہاڑ جیل کے 66 قیدیوں کو جو اپنی سزاؤں کی تکمیل کے قریب ہیں، آج پرائیویٹ کمپنیوں نے جیل کے احاطہ میں منعقدہ بھرتی مہم کے دوران نوکریوں کیلئے منتخب کرلیا۔ ویدانتا گروپ اور آئی ڈی ای آئی ایم انڈیا پرائیویٹ لمٹیڈ نے سب سے زیادہ تعداد میں بھرتیوں کی پیشکش کی جبکہ تاج محل گروپ نے راجو پرشانت کو سب سے بڑا پیاکیج پیش کیا، جس نے تہاڑ میں زائد از 8 سال گزارے ہیں۔ پرشانت نے جیل میں رہتے ہوئے اِگنوسے بیچلر آف سوشیل ورک کی تکمیل کی۔ اسے تاج محل گروپ آف کمپنیز نے ماہانہ 35,000 روپئے کی تنخواہ پر اسسٹنٹ بزنس ڈیولپمنٹ مینجر کی حیثیت سے نوکری کیلئے منتخب کرلیا ہے ۔ وہ 18 سال کی عمر میں قتل کے الزام پرقید کیا گیا تھا۔ عہدیداروں نے زیادہ تر قیدی جنہیں نوکریاں ملی ہیں، وہ رہائی سے قریب تر ہے اور اپنی سزائیں مکمل کرنے کے فوری بعد نوکریاں شروع کردیں گے۔ اس بھرتی پروگرام میں 31 کمپنیوں نے حصہ لیا۔ قیدیوں کے اچھے طرز عمل کو سلیکشن کی کسوٹی بنایا گیا۔

پاک فورسس کی سیز فائر خلاف ورزی
جموں ۔ 6 ۔ مئی (سیاست ڈاٹ کام) پاکستانی دستوں نے جموں و کشمیر کے ضلع راجوری میں لائین آف کنٹرول کے پاس ہندوستانی چوکیوں پر فائرنگ کے ذریعہ سیز فائر کی خلاف ورزی کی جس پر ہندوستانی دستوں کو مؤثر جوابی کارروائی پر مجبور ہونا پڑا۔ دفاع کے ترجمان نے آج یہاں کہا کہ پاکستان کی طرف سے کل رات 11.30بجے سے خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ اس سے ہندوستانی جانب کوئی جانی یا دیگر نقصان نہیں ہوا۔