تھانے میں ایک اور قدیم عمارت منہدم۔12افراد ہلاک

تھانے ۔ 4 ۔ اگست : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تھانے ریلوے اسٹیشن کے قریب آج صبح کے اولین ساعتوں میں ایک 50 سالہ قدیم عمارت منہدم ہوجانے سے 12 افراد بشمول ایک ہی خاندان کے 4 ارکان ہلاک ہوگئے ۔ جب کہ اس عمارت کو بلدی حکام نے مخدوش قرار دیا تھا ۔ تھانے میونسپل کارپوریشن ریجنل ڈیزاسسٹر مینجمنٹ سیل کے انچارج مسٹر سنتوش کڈم نے بتایا کہ ریلوے اسٹیشن کے قریب بی کیبن ایریا میں واقع 4 منزلہ عمارت کرشنا نواس شب 2-30 بجے اچانک منہدم ہوگئی جب کہ یہاں کے مکین محو خواب تھے ۔ انہوں نے بتایا کہ ملبہ سے ایک 60 سالہ شخص رامچندر ابروے کی نعش نکالنے کے بعد مہلوکین کی تعداد 12 تک پہنچ گئی ۔ عمارت کے انہدام کی اطلاع کے ساتھ ہی فائر بریگیڈ ، نیشنل ڈیزاسسٹر ریسپانس فورس کے 50 اہلکار جائے وقوع پہنچ گئے اور منہدمہ عمارت میں پھنسے ہوئے افراد بحفاظت باہر نکالنے کی کارروائی شروع کردی اور تقریبا ایک درجن افراد کو ملبہ سے نکالنے میں کامیابی حاصل کرلی۔