بنکاک ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست ڈاٹ کام ) : تھائی لینڈ میں ہونے والے وسط مدتی انتخابات کے لیے رائے دہی کے موقع پر دارالحکومت بنکاک میں حکومت کے حامیوں اور اپوزیشن کارکنوں کے درمیان تصادم ، فائرنگ کے تبادلے اور دھماکوں کے نتیجہ میں کم سے کم سات افراد زخمی ہوگئے ۔ رائے دہی کے موقع پر 200,000 سیکوریٹی اہلکار تعینات کئے گئے تھے ۔ جس کے باوجود پستول اور رائفلز سے لیس سیاسی حریفوں نے سخت ترین سیکوریٹی انتظامات کی پرواہ کیے بغیر ایک دوسرے کو حملوں کا نشانہ بنایا ۔ بنکاک کے لکاس علاقہ میں تصادم کے واقعات سے نمٹنے میں پولیس کی اعانت کے لیے 150 سپاہی تعینات کئے گئے تھے ۔ حکومت کے حامی ’ سرخ شرٹ ‘ کارکنوں نے اس عمارت کی سمت مارچ کیا جہاں اپوزیشن کارکنوں نے بیلٹ پیپرس کی تقسیم روکنے کے لیے محاصرہ کرلیا تھا ۔۔