بنکاک 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کے دارالحکومت بنکاک میں آئندہ ہفتہ مجوزہ بند کے دوران جب احتجاجی مظاہرین حکومت کا تختہ اُلٹنے کی کوشش کریں گے تقریباً 15 ہزار ملازمین پولیس اور فوجیوں کو تعینات کیا جائے گا۔ وزیراعظم انگلک شناواترا نے فبروری میں عام انتخابات کا اعلان کیا ہے جبکہ کئی ہفتہ تک اپوزیشن نے سڑکوں پر احتجاج کیا تھا لیکن احتجاجی مظاہرین نے عہد کیا ہے کہ وہ رائے دہی روک دیں گے۔ اُنھیں اندیشہ ہے کہ اِس کے نتیجہ میں انگلک شناواترا کے ارب پتی خاندان کے اقتدار میں مزید توسیع ہوگی۔ احتجاجی مظاہرین کا کہنا ہے کہ وہ 13جنوری سے دارالحکومت بنکاک پر قبضہ کرلیں گے اور اُس وقت تک قابض رہیں گے
جب تک کے حکومت کو اقتدار سے بیدخل کرنے کی جدوجہد میں اُنھیں کامیابی نہ حاصل ہو۔ اُنھوں نے منصوبہ بنایا ہے کہ شہر کے اطراف اسٹیج قائم کئے جائیں گے اور سرکاری عہدیداروں کو ملازمت کیلئے جانے سے روک دیا جائے گا۔ برقی سربراہی اور پانی کی سربراہی سرکاری عمارتوں کو نہیں کی جائے گی۔ باغیوں نے کہاکہ اُن کا مقصد کسی بھی قسم کے تشدد اور جھڑپوں سے گریز ہے۔ تھائی لینڈ کے اسٹاکس اور کرنسی کی قدر میں تیز رفتاری سے انحطاط کی وجہ سے اندیشے پیدا ہوگئے ہیں کہ بحران میں مزید شدت پیدا ہوگی۔ غیرملکی سرمایہ کار اور سیاح خوفزدہ ہوجائیں گے۔ سنگاپور ایرلائنز پہلے ہی 14جنوری سے 25 فبروری کے درمیان بنکاک کے لئے اپنی 19 پروازیں منسوخ کرچکا ہے۔
بنگلہ دیش کے ایک مندر میں توڑ پھوڑ
ڈھاکہ 8 جنوری (سیاست ڈاٹ کام) وسطی بنگلہ دیش کے ایک مندر میں توڑ پھوڑ مچائی گئی اور بعدازاں اُسے نذر آتش کردیا گیا۔ مابعد انتخابات اقلیتی برادری پر مسلسل حملے جاری ہیں۔ ضلع نیترا کونا کے ایک حصہ میں واقع کالی مندر کو آتشزنی سے جزوی نقصان پہنچا۔ یہ واردات علی الصبح کی گئی۔ مقامی افراد آگ بجھانے میں کامیاب ہوگئے۔ لیکن بجھانے سے پہلے آگ 45 منٹ تک بھڑکتی رہی۔ روزنامہ ڈیلی اسٹار نے دلاور حسین کے حوالہ سے خبر دی ہے کہ ضلع کے ایڈیشنل سپرنٹنڈنٹ پولیس نے آتش زنی کی اطلاع ملتے ہی کارروائی کی تھی۔ وزیراعظم شیخ حسینہ کی جانب سے اقلیتی طبقہ پر حملوں میں ملوث تمام افراد کی گرفتاری کا تیقن دینے کے ایک ہی دن بعد یہ واقعہ پیش آیا ہے۔ کئی اضلاع میں ہندوؤں کے مکانوں اور تجارتی اداروں پر حملوں کا آغاز کردیا گیا ہے۔ دریں اثناء پولیس نے جماعت اسلامی قائد کو شمالی بوگرا کے ضلع سے مختلف علاقوں میں سبوتاج میں ملوث ہونے کے الزام میں گرفتار کرلیا ہے۔ سپرنٹنڈنٹ پولیس مجمل حق نے کہاکہ 11 جماعت اسلامی کارکنوں کو بھی قوم دشمن سرگرمیوں کے جرم میں گرفتار کیا گیا ہے۔