بنکاک ۔21 جولائی ۔(سیاست ڈاٹ کام) تھائی لینڈ کی فوجی حکومت نے آج غار سے بچائے گئے فٹبال کے نوجوان کھلاڑیوں اور اُن کے کوچ پر بنائی جانے والی فلم سے متعلق تشویش کااظہار کیا اور کہا کہ حکومت اس بات کیلئے فکرمند ہے کہ فلمساز کہیں اس تاریخی واقعہ کا استحصال تو نہیں کریں گے ۔ بہ الفاظ دیگر حکومت یہ چاہتی ہے کہ فلمساز کس طرح اُن نوجوانوں کی صعوبتوں اور اُن کو جس جرأت مندی کے ساتھ بچایا گیا ، اس کی پکچرائزیشن کس طرح کی جائے گی ۔ وزیر ثقافت ویراراج پوجانراٹ نے بتایا کہ آئندہ ہفتہ کابینہ کے اجلاس میں وہ یہ تجویز پیش کریں گے کہ اس تاریخی واقعہ پر بنائی جانے والی فلم کی کہانی ، اسکرپٹ اور دیگر اہم اُمور کی ایک خصوصی کمیٹی نگرانی کرے گی ۔ یاد رہے کہ مختلف ویڈیو کلپس ، دستاویزاتی فلموں اور دیگر ذرائع ابلاغ کے تعاون سے فلم مکمل کی جائیگی لیکن کہیں ایسا نہ ہو کہ حقیقی واقعہ کو توڑمروڑ کر پیش کیا جائے جس سے بچاؤ کاری میں حصہ لینے والوں کی اہمیت کم ہوجائے گی ۔ یاد رہے کہ اس سانحہ میں ایک غوط خور ہلاک بھی ہوچکا ہے ۔ اب جبکہ تمام 12 نوجوان کھلاڑی ہاسپٹل میں چند ایام گزارنے کے بعد اپنے اپنے مکانات واپس آچکے ہیں لہذا اب دیکھنا ہے کہ اس تاریخی بچاؤ کاری کے واقعہ کو میڈیا کس طرح پیش کرتا ہے۔