تائی پے27 مارچ (سیاست ڈاٹ کام )تھائی لینڈ کی پولیس نے جمعرات کو بتایا کہ ملک کے جنوب میں سکیورٹی فورسز اور باغیوں کے مابین ہونے والی جھڑپوں میں چار مبینہ باغی ہلاک ہو گئے ہیں اور 22 کو گرفتار کر لیا گیا ہے۔ تھائی لینڈ کے صوبے پٹانی (فطانی)کے ایک گاوں میں یہ جھڑپیں چہارشنبہ کی شب اْس وقت پیش آئیں جب فوج، پولیس اور رینجرز نے اس گاوں کا محاصرہ کر لیا جہاں مشتبہ مسلمان عسکریت پسند چھپے ہوئے تھے۔ یہ عسکریت پسند تھائی لینڈ کے انتہائی جنوب میں مسلم اکثریت والے صوبے کی خود مختاری کے لیے مسلح کوششیں کر رہے ہیں۔ سکیورٹی فورسز کے ایک مقامی کمانڈر نے بتایا کہ قریب 30 عسکریت پسندوں کو گرفتار کر لیا گیا جبکہ ان کے کچھ ساتھی فرار ہو کر قریبی پہاڑیوں میں روپوش ہو گئے۔ تھائی لینڈ میں اکثریتی آبادی کا تعلق بدھ مت سے ہے۔