غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کا بھی مطالبہ ، انتظامی کمیٹی کی وقف بورڈ سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 30 ۔ جنوری (سیاست نیوز) انتظامی کمیٹی تکیہ دال منڈی قبرستان بیگم بازار نے چیف اگزیکیٹیو آفیسر وقف بورڈ سے نمائندگی کرتے ہوئے وقف بورڈ اور متعلقہ ایم آر او کی جانب سے اراضی کے مشترکہ سروے اور غیر مجاز قبضوں کی برخواستگی کا مطالبہ کیا ہے۔ کمیٹی کی جانب سے ایک یادداشت پیش کی گئی جس میں بتایا گیا ہے کہ قبرستان کی اراضی پر ناجائز قبضے کئے جارہے ہیں اور غیر سماجی عناصر قبرستان میں جانوروں کو باندھ رہے ہیں۔ کمیٹی نے کہا کہ غیر مجاز قابضین کی سرگرمیوں کے سبب وقف اراضی اور قبرستان کا تحفظ خطرہ میں پڑ چکا ہے ۔ غیر سماجی عناصر کی نگرانی میں وقف اراضی پر قبضے کیلئے طرح طرح کے منصوبے کئے جارہے ہیں ۔ کمیٹی نے کہا کہ اس سلسلہ میں متعلقہ پولیس اسٹیشن میں شکایت درج کی جانی چاہئے ۔ وقف بورڈ کی ذمہ داری ہے کہ وہ متعلقہ وقف انسپکٹر کے ذریعہ سروے کا اہتمام کرے اور پولیس میں شکایت درج کرائے ۔