رامپور ہٹ ( مغربی بنگال ) 10 فبروری ( سیاست ڈاٹ کام ) دہلی انتخابات میں بی جے پی کو عام آدمی پارٹی کے ہاتھوں بدترین شکست کے بعد مغربی بنگال کی چیف منسٹر ممتابنرجی نے آج کہا کہ تکبر اور سیاسی انتقام کو آج شکست ہوگئی ہے ۔ ممتابنرجی نے ریمارک کیا کہ بی جے پی کا غبارہ پھٹ چکا ہے ۔ ممتابنرجی نے بی جے پی کی شکست پر اپنے رد عمل میں کہا کہ جمہوریت میں کسی کی ہتک یا بے عزتی نہیں کی جانی چاہئے ۔ آج تکبر ‘ ہٹ دھرمی اور سیاسی انتقام کے جذبہ کو شکست دی گئی ہے ۔ جمہوریت میں عوام ہی حرف آخر ہوتے ہیں۔ عوام نے کس جراء ت کا مظاہرہ کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بنگالی میں ایک کہاوت ہے کہ کسی بھی چیز کی بلا روک ٹوک پیشرفت اس کے زوال کا سبب بنتی ہے ۔ ترنمول کانگریس کی سربراہ نے کہا کہ سیاست میں کوئی سیاسی انتقام نہیں ہونا چاہئے اور نہ عوام کی ہتک کرتے ہوئے ان کی کردار کشی کی جانی چاہئے ۔ ممتابنرجی مودی حکومت کی پالیسیوں کی سخت ترین نقاد رہی ہیں
اور قبل ازیں انہوں نے بی جے پی پر شردھا اسکام میں سی بی آئی کو ان کے خلاف استعمال کرنے پر سیاسی انتقام کے جذبہ کے تحت کام کرنے کا الزام عائد کیا ہے ۔ انہوں نے عام آدمی پارٹی کی کامیابی کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ یہ عوام کی حکومت قائم کرنے کی کامیابی ہے ۔ یہ حکومت عوام کی ہوگی اور عوام کیلئے ہوگی ۔ انہوں نے کہا کہ شکست خوردہ ہمیشہ شکست خوردہ ہیں اور کامیاب ہمیشہ کامیاب ہیں۔ ممتا نے اپنے ٹوئیٹ میں کہا کہ دہلی کے نتائج موجودہ سیاسی صورتحال میں ایک اہم موڑ ثابت ہونگے جس میں پتہ چل گیا ہے کہ جمہوریت میں سیاسی انتقام کی کوئی جگہ نہیں ہوتی ۔ پارٹی ترجمان ڈیرک اوبرائین نے دہلی انتخابات میں کامیابی پر عام آدمی پارٹی کو مرابکدا دی ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی کی سربراہ نے کجریوال کو مبارکبادی کا ایس ایم ایس بھی روانہ کیا ہے ۔