کوالالمپور۔ 22 اگست (سیاست ڈاٹ کام) ملائیشیا کے ایک مشہور تاہم متنازعہ موسیقار (ریاپر) کو حال ہی میں ان کے توہین اسلام والے میوزک ویڈیو بنانے پر گرفتار کرلیا گیا اور عدالت میں پیش کئے جانے کے بعد انہیں وہاں سے چار روزہ پولیس تحویل میں دے دیا گیا۔ نامیوی جن کا اصلی نام وی منیگ شی ہے، کے میوزک ویڈیو والے معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائے گی تاکہ یہ معلوم کیا جاسکے کہ آیا میوزک ویڈیو سے کسی مذہب کی توہین ہوئی ہے یا نہیں۔ اگر وی منیگ شی قصوروار ثابت ہوئے تو انہیں دو سال کی سزائے قید ہوسکتی ہے۔ 33 سالہ موسیقار کو کل کوالالمپور انٹرنیشنل ایرپورٹ سے اس وقت گرفتار کیا گیا جب وہ بیرونی دورہ سے وہاں پہنچے تھے اور آج صبح پینانگ شہر کے مجسٹریٹ کورٹ میں انہیں پیش کیا گیا تھا۔ او مائی گاڈ نامی ان کا گانا پہلی بار جولائی میں منظر عام پر آیا تھا۔