واشنگٹن ۔ 30 مارچ ۔(سیاست ڈاٹ کام) واشنگٹن نے خبردار کیا ہے کہ کہ اگر ترکی نے روسی ساختہ (S-400) میزائل سسٹم کی خریداری کی معاملت کو پایہ تکمیل تک پہنچایا تو وہ انقرہ پر پابندیاں عائد کر دے گا۔ یہ بات جمعے کے روز انگریزی ویب سائٹ ’بلومبرگ‘ پر جاری ایک رپورٹ میں بتائی گئی ہے۔ادھر ترک وزیر خارجہ مولود چاوش اولو نے روس کے ساتھ ڈیل روکنے کیلئے امریکی کوششوں کی مذمت کرتے ہوئے دوٹوک انداز میں کہا ہے کہ ترکی اپنے دفاع کیلئے روسی ساختہ 400-Sمیزائل سسٹم کی خریداری پر اب بھی کاربند ہے۔اولو کے مطابق روس کے ساتھ ڈیل کے جواب میں امریکی سینیٹ میں ڈیموکریٹس اور ریپبلکنز اس بات کی کوششیں کر رہے ہیں کہ لوک ہیڈ مارٹن کمپنی کے تیار کردہ (F-35) لڑاکا طیاروں کی ترکی کو فروخت روک دی جائے۔ ترک وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ یہ کوشش ’’بین الاقوامی قانون کی خلاف ورزی‘‘ ہے۔روسی وزیر خارجہ سرگئی لاؤروف کے ساتھ ایک مشترکہ پریس کانفرنس میں ترک وزیر خارجہ نے کہا کہ ساری دنیا کو دیکھ لینا چاہیے کہ ڈکٹیشن اور اپنی مرضی مسلط کرنے کا اسلوب دم توڑ چکا ہے۔ترک وزیر کا کہنا تھا کہ ہم روس کے ساتھ معاہدے پر کاربند ہیں۔ ہم یہ میزائل سسٹم کسی تیسرے ملک کو فروخت کرنے کے واسطے نہیں خرید رہے۔ یقینا ہم اپنی خاص ضرورت پوری کرنے کے لیے اسے خرید رہے ہیں۔