فیض آباد ۔ 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے سابق وزیرقانون جتیندر سنگھ تومر کی مشکلات مزید بڑھ گئی ہیں، جنہیں جعلی ڈگری تنازعہ پر گرفتار کیا گیا ہے۔ آر ایم ایل اودھ یونیورسٹی رجسٹرار آفس نے تومر کے یہاں سے گریجویشن کرنے کی تردید کی۔ تومر نے دعویٰ کیا تھا کہ وہ اسی یونیورسٹی کے گریجویٹ ہیں۔ انہیں آج دہلی پولیس اترپردیش کے ضلع فیض آباد لے گئی۔
چٹ فنڈ : بی جے ڈی ۔ بی جے پی مفاہمت واضح کریں : سی پی آئی
بھوبنیشور ، 10 جون (سیاست ڈاٹ کام) اس خیال پر تشویش ظاہر کرتے ہوئے کہ اوڈیشہ میں چٹ فنڈ اسکام کی سی بی آئی تحقیقات میں سست روی لائی گئی، سی پی آئی نے آج کہا کہ چیف منسٹر نوین پٹنائک کو وضاحت کرنا چاہئے اس ضمن میں آیا بی جے ڈی اور بی جے پی کے درمیان کوئی خفیہ مفاہمت ہوئی ہے۔ سی پی آئی نیشنل سکریٹری ڈی راجہ نے یہاں میڈیا والوں کو بتایا کہ برسراقتدار بی جے ڈی کے بعض قائدین چٹ فنڈ اسکام کیسوں میں ملوث ہیں اور کہا کہ سی بی آئی کو اس معاملے کی جانچ میں فعال رول ضرور ادا کرنا چاہئے اور اس اسکام کی تیزتر اور منصفانہ انداز میں تحقیقات ہونی چاہئے۔ انھوں نے کہا کہ غریب لوگوں سے انصاف کو یقینی بنانا چاہئے، جنھیں دھوکہ دیتے ہوئے ان کی محنت کی کمائی رقومات سے محروم کردیا گیا ہے۔