تنظیم جدید قانون پر مرکز نے اجلاس منعقدکیا

قانون کے مختلف امور پر غور و خوض ‘ دونوں ریاستوں کے نمائندے شریک
حیدرآباد 12 اپریل ( این ایس ایس ) ایک اہم تبدیلی میں مرکزی حکومت نے آندھرا پردیش تنظیم جدید قانون 2014 کا اجلاس دہلی میں طلب کیا ۔ مرکزی کابینہ کے خصوصی سکریٹری ستپال چوہان نے اس اجلاس کی صدارت کی اور اس میں دونوں تلگو ریاستوں آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے عہدیداروں نے شرکت کی ۔ اس اجلاس میں تنظیم جدید قانون ‘ اس میں کئے گئے وعدوں کی برقراری ‘ اس قانون کی دونوں ریاستوں میں پرسکون عمل آوری وغیرہ جیسے امور پر غور کیا گیا ۔ اجلاس میں قانون کے 13 ویں شیڈول پر غور کیا گیا اور دونوں ریاستوں کے عہدیداروں نے اپنے خیالات سے واقف کروایا ۔ عہدیداروں نے زیر التواء مسائل پر بھی غور کیا ۔ اس اجلاس کو اس لئے اہمیت حاصل ہوگئی ہے کیونکہ مرکزی حکومت نے دونوں تلگو ریاستوں میں پہلے مرحلے میں منعقدہ لوک سبھا انتخابات کے بعد اس کو طلب کیا تھا ۔ تلنگانہ ریاست سے مسٹر راما کرشنا راو اور ویدانتم گیری نے اور آندھرا پردیش سے نیرب کمار ‘ کے وکلاون ‘ دمیانتی ‘ آروکیہ راج اور پریم چندرا ریڈی اور دوسروں نے شرکت کی ۔