حیدرآباد 3 جولائی (سیاست نیوز) لوک ستہ کے بانی صدر ڈاکٹر جے پرکاش نارائن نے مرکز پر تنقید کی کہ اس نے اپنے ملازمین کے شہریوں کے لئے خدمات کے معیارات کو بہتر بنائے بغیر ان کی تنخواہوں میں اضافہ کیا ہے۔ ایک بیان میں جے پرکاش نارائن نے کہاکہ کرپشن بھی بڑھ گیا ہے اور تنخواہیں بھی بڑھ گئی ہیں جبکہ ملازمین کی شہریوں کے لئے خدمات بہت ناقص ہیں۔ انھوں نے سوال کیا کہ کیا یہی جمہوریت ہے۔ سرویس میں اصلاحات کی ضرورت ہے۔ ملک میں 90 فیصد لوگ غیر منظم شعبہ میں کام کرتے ہیں جہاں جاب سکیورٹی نہیں ہے۔ اصلاحات کرتے ہوئے اسے سرویس قواعد کا حصہ بنایا جانا چاہئے۔ حکومت نے تنخواہوں میں اضافہ کرتے ہوئے خدمات کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں کی ہے۔ اگر ہم اپنی قومی آمدنی کا ایک فیصد حصہ حفظان صحت پر خرچ کریں تو عوام کو بہتر طبی خدمات فراہم کی جاسکتی ہیں۔ انھوں نے کہاکہ دنیا کی 50 بڑی معیشتوں میں ہم تعلیم، صحت، کرپشن کی روک تھام اور سرکاری دفاتر میں خدمات کے اعتبار سے سب سے نیچے ہیں۔ مرکز کو چاہئے کہ مرکزی حکومت کے دفاتر میں خدمات کو بہتر بنایا جائے۔