چنئی،18جولائی (سیاست ڈاٹ کام) معروف تمل ٹیلی ویزن اداکارہ پرینکا نے بدھ کی صبح پھانسی لگاکر خودکشی کرلی۔ پولیس نے بتایا کہ اداکارہ کی آیہ جب صبح اس کے گھر پہنچی تو اسے گھر کی چھت پر پھندے سے لٹکاپایا۔ اس نے پولیس کو اس کی اطلاع دی۔ جائے وقوع پر پہنچی پولیس نے پرینکا کی لاش کو قبضہ میں لیکر پوسٹ مارٹم کے لئے کلپاک اسپتال بھیج دیا۔ گھریلو آیہ نے بتایا کہ جب وہ اداکارہ کے گھر کے دروازہ پر پہنچی تو دوددھ کی تھیلی باہر ہی پڑی دیکھی جس سے کچھ گڑ بڑ ہونے کا اندیشہ ہوا۔ پولیس نے ابتدائی جانچ کی بنیاد پر بتایا کہ خودکشی کے پیچھے کی وجہ گھریلو جھگڑا ہوسکتا ہے ۔ پرینکا نے تین برس پہلے باسکٹ بال کوچ ارون بالا سے شادی کی تھی اور ان کے کوئی اولا د نہیں تھی جس کی وجہ سے دونوں میاں بیوی میں اکثر جھگڑا ہوتا تھا۔ تمل سوپ اوپیرا ‘ومسم’ میں جیوتیکا کے کردار سے گھر گھر میں شناخت بنانے والی پرینکا گزشتہ کچھ ہفتہ سے تنہا رہ رہی تھیں۔