تمام ہندوستانی ‘ ہندو کیوں نہیں ‘ بھاگوت کی بکواس

کٹک 10 اگسٹ ( سیاست ڈاٹ کام ) آر ایس ایس سربراہ موہن بھاگوت نے آج سوال کیا کہ اگر انگلستان میں بسنے والے تمام انگریز ‘ جرمنی میں بسنے والے تمام جرمن اور امریکہ میں بسنے والے تمام امریکی کہلاسکتے ہیں تو ہندوستان میں بسنے والے تمام افراد ہندو کیوں نہیں کہلا سکتے ۔ بھاگوت نے ایک اڑیہ ہفتہ اور کی گولڈن جوبلی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تمام ہندوستانیوں کی کلچرل شناخت ہندوتوا ہے اور ملک میں بسنے والے تمام شہری اسی کلچر کے جانشین ہیں۔ آر ایس ایس سربراہ نے مزید کہا کہ ہندوتوا در اصل ایک طرز زندگی ہے اور ہندو وہ ہیں جو کسی مذہب کی پیروی کرتے ہیں یا بالکل ہی نہیں کرتے ۔ موہن بھاگوت نے کہا کہ مرکز میں بی جے پی زیر قیادت این ڈی اے حکومت کا قیام عوام کی کوشش کا نتیجہ ہے اور کسی بھی فرد یا جماعت کا نہیں ہے کیونکہ تبدیلی عوام کی خواہش سے آئی ہے ۔ انہوں نے کسی کا نام لئے بغیر یہ بات کہی جبکہ کل ہی وزیر اعظم نریندر مودی نے انتخابات میں بی جے پی کی کامیابی کیلئے امیت شاہ کو مین آف دی میچ قرار دیا تھا ۔ یہ واضح کرتے ہوئے کہ عوام کو وہ حکومت ملی ہے جس کی انہیں خواہش تھی انہوں نے کہا کہ اس سے قبل بھی کچھ جماعتیں اور شخصیتیں تھیں لیکن کوئی تبدیلی نہیں آئی تھی ۔ اس تبدیلی کیلئے کوئی پارٹی کو اور کوئی کسی فرد کو ذمہ دار قرا دیتا ہے لیکن جب عوام چاہیں تبھی تبدیلی آتی ہے ۔