دواخانہ عثمانیہ میں سوچھ بھارت مہم ‘ جناب محمود علی کا خطاب
حیدرآباد 7 ڈسمبر (سیاست نیوز) رضاکارانہ تنظیم روگی ساہتیہ کی جانب سے عثمانیہ دواخانہ میں منعقدہ سوچھ بھارت ابھیان میں شرکت کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے تلنگانہ کے ڈپٹی چیف منسٹر جناب محمد محمود علی تاریخی دواخانے میں صاف صفائی کے ابھیان کا خیرمقدم کیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت شہر حیدرآباد کی تاریخی اہمیت کو برقرار رکھنے کے لئے دنیا کے ترقی یافتہ شہروں کے طرز پر حیدرآباد کی ترقی کو یقینی بنانے کا منصوبہ رکھتی ہے۔ انہوں نے مزیدکہاکہ آصف جاہی دور حکومت میں تعمیر کردہ دواخانہ عثمانیہ نہ صرف تاریخی اہمیت کی حامل عمارت کا نام ہے بلکہ وقت کے حکمران نے اپنی رعایہ کے لئے مفت طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے تمام بنیادی سہولتوں سے آراستہ دواخانے کی تعمیر کی تھی جس کو پچھلے ساٹھ سالوں میںآندھرائی قائدین نے منظم طریقے سے تباہی کے دہانے پر پہنچادیا ہے۔ محمد محمو دعلی نے مزیدکہاکہ چند دن قبل وزیرصحت نے بارہ گھنٹوں تک دواخانے میں قیام کرتے ہوئے مریضوں کی دیکھ بھال کی اور مریضوں کو درپیش مسائل کا بھی جائزہ لیا۔ انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت جامع منصوبے کے تحت ریاست کے تمام سرکاری دواخانوں کو خانگی دواخانوں کے طرز پر ترقی یافتہ عصری سہولتوں سے لیس علاج کے علاوہ مفت ادویات فراہم کرنے کاکام کیا جائے گا۔جناب محمد محمو دعلی نے روگی ساہتیہ تنظیم کی جانب سے شروع کردہ صفائی ابھیان کے بعد بھی دواخانے کے اندر صفائی کے انتظامات کو جاری رکھنے کا متعلقہ بلدی عملے کو ہدایت دی۔انہوں نے رضاکارانہ تنظیم روگی ساہتیہ کی سربراہ شریمتی لتا اور دیگر تنظیموں کی جانب سے دواخانے عثمانیہ میںشروع کئے گئے صفائی ابھیان کا خیر مقدم کیا۔