نئی دہلی 24مارچ ( سیاست ڈاٹ کام) مرکزی وزیر مملکت برائے اقلیتی امور(آزادانہ چارج) مختار عباس نقوی نے آج یہاں کہا کہ اقلیتی طبقات کے دست کاروں، صناعوںکے فن کی مہارت کی وراثت کو مارکٹ، موقع اور روزگار فراہم کرانے تمام ریاستوں میں ’’ہنر سنٹر‘‘ بنائے جائیں گے ۔یہاں اکوپس کامپلکس میں کثیر علاقائی ترقیاتی پروگرام (ایم ایس ڈی پی)، اسکالرشپ اور وزارت اقلیتی امور کے مختلف منصوبوں کے نفاذ کا جائزہ لینے کے لئے ریاستوں اور مرکز کے زیر کنٹرول علاقوں کیسکریٹریز اور اقلیتی بہبود کے انچارجوں کی کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے نقوی نے کہا کہ ملک بھر کے اقلیتی طبقات کے دست کاروں اور صناعوں کا ’’ڈیٹا بینک‘‘ تیار کیا جا رہا ہے تاکہ ان کی تفصیلات حاصل کرکے ان کی صلاحیتوں کا بھرپور استعمال کرکے ملک کی تیز رفتار ترقی کو مزید آسان بنایا جاسکے ۔ انہوں نے کہا کہ اقلیتی طبقات کی روایتی دست کاری کے ہنر کو جدید بناکر عصر حاضر کی ضرورت کے مطابق ان کی مہارت کا استعمال کرنے کے لئے بڑے پیمانے پر مہم چلائی جارہی ہے ۔