تمام ’ انگلیاں ‘ بابو راو کی طرف

حیدرآباد 2 فبروری ( سیاست نیوز ) جی ایچ ایم سی انتخابات کی رائے دہی کے موقع پر اڈیشنل ڈی سی پی ساوتھ زون بابو راو کا رول مشکوک ہوگیا ہے ۔ جہاں جہاں مخالف مجلس امیدواروں کے خلاف کارروائی کی گئی کہا جا رہا ہے کہ اس میں بابو راو کا اہم رول رہا ہے اور انہوں نے مخالفین کو حراست میں لیتے ہوئے مجلسی قائدین اور کارکنوں کو رائے دہی پر اثر انداز ہونے کی کھلی چھوٹ دی تھی ۔ یہ بھی کہا گیا ہے کہ ڈی سی پی ساوتھ زون وی ستیہ نارائنا نے پولیس عملہ کو پولنگ بوتھس کے قریب آنے والے افراد کے شناختی کارڈز چیک کرنے کی ہدایت دی تھی ۔ یہ ہدایت باضابطہ سیٹ پر دی گئی تھی لیکن بعد میں بابو راو نے اپنے ما تحت عملہ کو شناختی کارڈز چیک کرنے سے روک دیا اور اسطرح سے انہوں نے بوگس رائے دہی میں بالواسطہ طور پر مدد کی ۔ بعض گوشوں نے شکایت کی کہ جن علاقوں میں مخالف مجلس رائے دہی ہو رہی تھی خاص طور پر وہاں ماحول میں خوف پیدا کرنے کیلئے بھی بابو راو نے بہت زیادہ سرگرمی دکھائی ۔