فلم نگر میں سڑکوں سے کچرا اُٹھاکر صفائی کی گئی
حیدرآباد۔ 17 مئی (این ایس ایس) تلگو فلم اسٹارس نے آج یہاں فلم نگر، جوبلی ہلز میں ’’سوچھ حیدرآباد‘‘ پروگرام میں حصہ لیا۔ وزیر کمرشیل ٹیکسیس ٹی سرینواس یادو، مووی آرٹسٹس اسوسی ایشن (ایم اے اے) کے صدر ڈاکٹر راجندر پرساد، مشہور فلم ڈائریکٹرس راگھویندرا راؤ، ٹی سرینواس، بی سرینو، شنکر، ڈی سریش نائیڈو اور فلم اداکار وینکٹیش، رانا، راج شیکھر، ٹی بھرانی، وینو مادھو، اداکارہ راکل پریت سنگھ اور دوسروں نے اس پروگرام میں حصہ لیا۔ فلم اداکار اور فلم انڈسٹری کے لوگوں نے سڑکوں سے کچرا اُٹھاکر اسے منتقل کیا۔ اس موقع پر مخاطب کرتے ہوئے وزیر کمرشیل ٹیکسیس سرینواس یادو نے کہا کہ سنیما میں سماج پر اثرانداز ہونے کی طاقت ہے اور فلم انڈسٹری سے وابستہ اشخاص کی ذمہ داری ہے کہ وہ اس کیلئے آگے آئیں اور اس کے بارے میں بیداری پیدا کریں۔ وزیر موصوف نے ان سے خواہش کی کہ وہ ان کے مداحوں اور عام لوگوں کو اس پروگرام میں تعاون کرنے کی ترغیب دیں اور اس کے لئے ان کی حوصلہ افزائی کریں۔ انہوں نے فلم انڈسٹری کو یہ تیقن بھی دیا کہ ٹی آر ایس حکومت تلگو فلم انڈسٹری کو ملک میں دوسرا مقام دلانے کی ذمہ داری لے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ مقامی لوگوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ سڑکوں کو صاف رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاستی حکومت نے تین سال میں شاہراہوں کو فروغ دینے کیلئے 25 کروڑ روپئے کا ایک پلان بنایا ہے۔ وزیر نے مزید بتایا کہ صاف صفائی سے شہر خوشنما اور خوبصورت نظر آئے گا جس سے عوام کی صحت پر مثبت اثر مرتب ہوگا۔ ٹی سرینواس یادو نے عوام سے خواہش کی کہ وہ شہر کو ہمیشہ پاک و صاف اور سبز و شاداب رکھنے کی کوشش کریں۔