تلنگانہ سرکاری ویب سائیٹس سے کے سی آر کی تصاویر ہٹانے کا مطالبہ
حیدرآباد۔ 30 ستمبر (سیاست نیوز) تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی نے تلنگانہ کی سرکاری ویب سائیٹ سے نگران کار چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ اور دیگر وزراء کی تصاویر کو فی الفور نکال دینے کے اقدامات کرنے کا ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے مطالبہ کیا۔ اس سلسلے میں تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کے ایک وفد نے چندر شیکھر ریڈی رکن پولیٹ بیورو و سابق رکن پارلیمان تلگو دیشم پارٹی کی قیادت میں ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر رجت کمار سے ملاقات کی اور ایک تفصیلی یادداشت پیش کی جس میں تلنگانہ کے کارگذار وزراء تازہ ترین سابق ارکان، اسمبلی انتخابی قواعد و ضوابط کی خلاف ورزی کرنے سے واقف کروایا گیا۔ چندر شیکھر ریڈی نے ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر کو اس بات سے واقف کروایا کہ راست کسانوں کو وزراء اور سابق ارکان اسمبلی کی جانب سے رقومات دیئے ریتو بندھو سے متعلق چیکس کی حوالگی، بتکماں ساڑیاں فراہم کرنے اور دیگر اشیاء کی تقسیم وغیرہ تمام انتخابی قواعد و ضوابط میں شامل رہتے ہیں لہذا ان تمام کی وزراء و سابق ارکان کی جانب سے تقسیم کو رکوانے کے اقدامات کرنے کا مطالبہ کیا۔ رکن پولیٹ بیورو تلگو دیشم پارٹی نے بتایا کہ ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر نے نمائندگی کی بغور سماعت کی اور مناسب اقدامات کرنے کا تیقن دیا۔ انہوں نے بتایا کہ ٹی آر ایس ریاست میں عوامی اعتماد کھوچکی ہے جس کی وجہ سے ہی مختلف حربے استعمال کرکے سرکاری اختیارات کا بے جا استعمال کررہی ہے لہذا ان تمام وزراء وغیرہ کو سرکاری اختیارات کا بے جا استعمال کرنے سے روکنے کیلئے موثر اقدامات کرنے کی بھی ریاستی چیف الیکٹورل آفیسر سے خواہش کی۔