بعض قائدین سے ان کے خلاف سازشوں کی مذمت ، سابق ایم پی کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 29 ۔ جنوری : ( سیاست نیوز) : سابق رکن پارلیمان و رکن پولیٹ بیورو قومی تلگو دیشم پارٹی مسٹر این ناگیشور راؤ اور نائب صدر تلگو دیشم پارٹی سنٹرل کمیٹی و رکن اسمبلی تلنگانہ تلگو دیشم پارٹی مسٹر ایس وینکٹ ویریا نے یہ بات واضح کردی ہے کہ وہ تلگو دیشم پارٹی سے علحدگی اختیار کرنے کا سوال ہی پیدا نہیں ہوگا ۔ مسٹر ناما ناگیشور راؤ نے ضلع کھمم میں اپنا اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ وہ گذشتہ 14 سال کے عرصہ سے تلگو دیشم پارٹی سے وابستہ ہیں اور بحیثیت رکن پارلیمان کھمم (2.64) لاکھ دستخطیں کیے ۔ جن کے منجملہ 1.20 لاکھ افراد کو گیاس کنکشن کی فراہمی کے لیے اور 60 ہزار افراد کو ریلوے پاسیس فراہم کرنے کے لیے کئے گئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی رکن پارلیمان کی حیثیت سے وہ جتنے دورے کئے سابق میں شاید کوئی رکن پارلیمان نے نہیں کیے ۔ مسٹر این ناگیشور راؤ نے انتہائی سخت الفاظ میں کہا کہ ان کے تعلق سے بعض قائدین منصوبہ بند سازش کررہے ہیں جو قابل مذمت ہے ۔ انہوں نے کہا کہ وہ تلگودیشم پارٹی کو نہ صرف ضلع کھمم میں بلکہ ریاست تلنگانہ میں مضبوط و مستحکم بنانے کے لیے پارٹی کے دیگر قائدین کے ساتھ سرگرم عمل ہیں اور پارٹی پروگراموں کو کامیاب بنانے میں اپنا اہم رول ادا کررہے ہیں ۔ اسی دوران مسٹر ایس وینکٹ ویریا رکن اسمبلی و نائب صدر قومی تلگو دیشم پارٹی نے کہا کہ وہ ’ گاؤں گاؤں تلگو دیشم پارٹی پروگراموں کے سلسلہ میں تمام مواضعات و منڈلوں کا دورہ کررہے ہیں تو بعض مفادات حاصلہ ان کے خلاف سازش کرتے ہوئے تلگو دیشم پارٹی سے استعفیٰ دینے کی جھوٹی ، غلط و بے بنیاد افواہیں پھیلا رہے ہیں ۔ انہوں نے ان کے تعلق سے پھیلائی جانے والی غلط افواہوں کی سخت مذمت کی ۔ رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی نے مزید کہا کہ نچلی سطح پر تلگو دیشم پارٹی کی حقیقی صورتحال سے ناواقف تلگو دیشم قائد مسٹر ایم نرسمہلو تلگو دیشم پارٹی کو تلنگانہ راشٹرا سمیتی میں ضم کرنے کا اظہار کرنا ان کے لیے ہرگز زیب نہیں دے گا ۔۔