حیدرآباد ۔ یکم ۔ فروری : ( سیاست نیوز ) : تلگو دیشم رکن پارلیمان مسٹر ین ناگیشور راو نے تلنگانہ بل پر سیما آندھرا علاقہ کے ساتھ انصاف کا مطالبہ کیا ۔ آج یہاں صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کی رہائش گاہ پر تلگو دیشم پارلیمانی پارٹی کے اجلاس کا انعقاد عمل میں آیا ۔ اس اجلاس کے اختتام پر اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے مسٹر این ناگیشور راو نے کہا کہ سیما آندھرا اور تلنگانہ علاقہ کے عوام کے جذبات و احساسات کے مطابق ہی پارلیمنٹ میں جدوجہد کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ مسودہ بل کو پارلیمنٹ میں پیش کئے جانے کے بعد پھر ایک مرتبہ تلگو دیشم پارلیمنٹری پارٹی کا اجلاس طلب کر کے اس اجلاس میں تلگو دیشم پارٹی اپنے قطعی موقف کے تعلق سے فیصلہ کرے گی ۔