تلگو دیشم قائدین کو چیف منسٹر تلنگانہ پر تنقید کا حق نہیں

حیدرآباد ۔18 ۔ جون ۔ (سیاست نیوز) تلنگانہ راشٹرا سمیتی نے تلگو دیشم سے تعلق رکھنے والے تلنگانہ قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ چیف منسٹر چندر شیکھر راؤ پر تنقیدوں کے بجائے اپنی پارٹی کے چیف چندرا بابو نائیڈو کی مخالف زراعت پالیسیوں کا جائزہ لیں۔ اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے ٹی آر ایس کے سینئر قائد کے پربھاکر نے الزام عائد کیا کہ تلگو دیشم دور حکومت میں زراعت کو غیر منفعت بخش اور فضول قرار دینے والے تلگو دیشم قائدین آج کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم قائدین کو چندر شیکھر راؤ پر تنقید کا کوئی حق حاصل نہیں کیونکہ دنیا بھر میں چندرا بابو نائیڈو کی شناخت مخالف زراعت قائد کی حیثیت سے ہوتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ کسانوں کے قرضوں کی معافی اور دیگر مراعات کے سلسلہ میں حکومت نے کسانوں سے جو وعدے کئے ، ان پر بہرصورت عمل کیا جائے گا۔ کے پربھاکر نے کہا کہ تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کو اس سلسلہ میں فکرمند ہونے کی ضرورت نہیں ۔ انہیں چاہئے کہ وہ وعدوںکی تکمیل کے سلسلہ میں تنقیدوں کے بجائے حکومت سے تعاون کریں۔ انہوں نے کہا کہ تلگو دیشم نے زراعت کو فضول قرار دیا تھا لیکن چندر شیکھر راؤ تلنگانہ ریاست میں زراعت کو ترقی دے کر لاکھوں کسان خاندانوں میں خوشحالی لانے کا عہد کرچکے ہیں۔

ٹی آر ایس قائد نے تلگو دیشم قائدین کو خبردار کیا کہ وہ کے سی آر کے خلاف بے بنیاد الزامات سے گریز کریں ۔ بصورت دیگر ٹی آر ایس مناسب انداز میں جواب دے گی ۔ انہوں نے کہا کہ پولاورم پراجکٹ اور پولی چنتلا پراجکٹ کے بارے میں تلگو دیشم پار ٹی کو اپنے موقف کی وضاحت کرنی چاہئے ۔ ایک طرف چندرا بابو نائیڈو آندھراپردیش میں تلنگانہ کے 7 منڈلوں کو ضم کرتے ہوئے کسانوں سے ناانصافی کر رہے ہیں تو دوسری طرف تلنگانہ تلگو دیشم قائدین کسانوں سے جھوٹی ہمدردی کا اظہار کر رہے ہیں۔ تلگو دیشم قائدین کو چاہئے کہ وہ مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ چندرا بابو نائیڈو کے خلاف بھی احتجاج کریں کیونکہ پولاورم پراجکٹ کی تعمیر اور تلنگانہ سے ناانصافی کیلئے چندرا بابو نائیڈو ذمہ دار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مرکزی حکومت کی جانب سے آرڈیننس کی اجرائی کیلئے چندرا بابو نائیڈو نے اپنے اثر و رسوخ کا استعمال کیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ عوام تلگو دیشم کی دو رخی پالیسی سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ان کے الزامات پر بھروسہ کرنے والے نہیں ہیں۔