تلگو دیشم ریاست کے لیے ہر قربانی کے لیے تیار

حیدرآباد ۔ 2 ۔ اگست : ( سیاست نیوز ) : وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش مسٹر جی سرینواس راؤ نے کہا کہ ریاست کے مفادات کی خاطر کسی بھی نوعیت کی قربانی کے لیے تلگو دیشم پارٹی مکمل طور پر تیار ہے اور ضرورت پڑنے پر تلگو دیشم پارٹی کے مرکزی وزارت میں شامل وزراء بھی وزارتی عہدوں سے فوری طور پر مستعفی ہوجائیں گے ۔ وزیر موصوف نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ بعض فنی وجوہات کا اظہار کرتے ہوئے مرکزی حکومت کی جانب سے ریاست آندھرا پردیش کو خصوصی موقف فراہم نہ کرنا کوئی مناسب بات نہیں ہوگی ۔ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کا تذکرہ کرتے ہوئے مسٹر سرینواس راؤ نے کہا کہ صدر وائی ایس آر کانگریس پارٹی و قائد اپوزیشن آندھرا پردیش اسمبلی مسٹر وائی ایس جگن موہن ریڈی دہلی جاکر مرکزی حکومت کو جھنجوڑنے کے بجائے صدر تلگو دیشم پارٹی و چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو تنقید کا نشانہ بنانا کوئی ٹھیک بات نہیں ہوگی ۔ وزیر موصوف کے سخت لہجہ میں دریافت کیا کہ آیا وزیر اعظم مسٹر نریندر مودی سے دریافت یا استفسار کرنے میں مسٹر جگن موہن ریڈی کی کمزوری کیا ہے اس کا برسر عام اظہار کرنے کا مطالبہ کیا ۔ وزیر فروغ انسانی وسائل حکومت آندھرا پردیش نے اس بات کا اعادہ کیا کہ ریاست آندھرا پردیش کے مفادات کا تحفظ صرف اور صرف تلگو دیشم پارٹی کے ذریعہ ہی ممکن ہے ۔۔