اے پی کمیونسٹ جماعتوں کے قائدین کی ڈی جی پی سے نمائندگی
حیدرآباد ۔ 7 ۔ نومبر : ( سیاست نیوز ) : آندھرا پردیش ریاستی سی پی آئی ، سی پی آئی ایم ، اور سی پی ایم نیو ڈیموکریسی پارٹیوں نے تلگو دیشم پارٹی رکن اسمبلی مسٹر سی پربھاکر ریڈی کو فی الفور گرفتار کرنے کا ڈائرکٹر جنرل آف پولیس ریاست آندھرا پردیش مسٹر آر پی ٹھاکر سے مطالبہ کیا ۔ بصورت دیگر ایک ہفتہ بعد تینوں کمیونسٹ جماعتوں کے زیر اہتمام وجئے واڑہ میں بڑے پیمانے پر احتجاجی پروگرام منظم کرنے کا سخت انتباہ دیا ۔ اس سلسلہ میں مسٹر کے راما کرشنا سکریٹری ریاستی سی پی آئی ، کی زیر قیادت ایک وفد نے ریاستی ڈائرکٹر جنرل آف پولیس سے ملاقات کر کے ایک یادداشت پیش کی اور بتایا کہ چند ماہ قبل دلت طبقہ کے قائد پر حملہ کے واقعہ پر مسٹر سی پربھاکر کے خلاف ایس سی ، ایس ٹی ظلم و زیادتی قوانین کے تحت کیس درج رجسٹر کیا گیا تھا لیکن اب تک اس کیس سے متعلق کوئی کارروائی نہیں کی گئی ۔ ڈائرکٹر جنرل پولیس سے ملاقات کرنے والوں میں مسرس وائی وی سی پی آئی ایم ، این پرساد اور ڈی پرساد سی پی ایم ، نیو ڈیموکریسی قائدین بھی شامل تھے ۔ بعد ازاں مسٹر کے راما کرشنا ریاستی سکریٹری سی پی آئی آندھرا پردیش کمیٹی نے اخباری نمائندوں سے غیر رسمی بات چیت کرتے ہوئے الزام عائد کیا کہ محض چیف منسٹر چندرا بابو نائیڈو کی سرپرستی کی وجہ سے ہی مسٹر سی پربھاکر درج فہرست اقوام و قبائلی طبقات پر اپنی ظلم و زیادتیوں کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہیں ۔ مسٹر راما کرشنا نے اس بات کا اعادہ کیا کہ اندرون ایک ہفتہ رکن اسمبلی تلگو دیشم پارٹی مسٹر سی پربھاکر کو گرفتار کر کے سخت قانونی کارروائی کرنے کا چیف منسٹر سے مطالبہ کیا ۔۔