اپوزیشن جماعتوں کے خلاف حکومت کی منظم سازش ، ملوبٹی وکرامارک کا ردعمل
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : ورکنگ پریسیڈنٹ تلنگانہ پردیش کانگریس کمیٹی مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے تلگو دیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ای دیاکر راؤ کی گرفتاری کو بدبختانہ قرار دیا ۔ اسمبلی میں تمام جماعتوں کے دوران رابطہ پیدا کرتے ہوئے کام کرنے ، ضرورت پڑنے پر اسمبلی اسپیکر کے خلاف تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے بھی گریز نہ کرنے کا اعلان کیا ۔ آج ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے عوامی مسائل اٹھانے اور نا انصافیوں کے خلاف آواز اٹھانے والے اپوزیشن قائدین پر ایک منظم سازش کے تحت کارروائی کرنے کا الزام عائد کیا ۔ سرکاری پروگرامس میں پروٹوکول کی خلاف ورزی کرنے والے ارکان اسمبلی کے خلاف زیادتی کرنے اور اختیارات کا بیجا استعمال کرنے کا بھی الزام عائد کیا ۔ تلگو دیشم کے رکن اسمبلی مسٹر ای دیاکر راؤ پر حملہ کرنے اور انہیں جیل بھیجنے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ تلنگانہ اسمبلی میں کانگریس پارٹی کو اصل اپوزیشن کی پوزیشن حاصل ہے لہذا کانگریس پارٹی اسمبلی میں ہم خیال اور دوسری اپوزیشن جماعتوں سے عوامی مسائل پر فلور کوآرڈینیشن قائم کرتے ہوئے ایوان میں عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے کی مساعی کررہی ہے اور اس سلسلے میں تمام جماعتوں کے فلور لیڈرس سے رابطہ قائم کرتے ہوئے مستقبل کی حکمت عملی تیار کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت سرکاری پروگرامس میں پروٹوکول کا احترام نہیں کررہی ہے اور نہ ہی اپوزیشن جماعتوں کے ارکان اسمبلی کو مدعو کررہی ہے ۔ جس کی کانگریس پارٹی سخت مذمت کرتی ہے ۔ کل اسمبلی میں کانگریس پارٹی کسانوں کے مسائل پر حکومت کو کسانوں کے خود کشی واقعات اور ان کے دوسرے مسائل پر تفصیلی اعداد و شمار پیش کر کے حکومت کی ناکامی اور مسائل کی یکسوئی کے لیے تجاویز پیش کرے گی ۔ مسٹر ملو بٹی وکرامارک نے کہا کہ کانگریس پارٹی ایوان میں عوامی مسائل کو موضوع بحث بنانے کی تمام کوشش کرے گی اگر اسپیکر کی جانب سے تعاون نہیں ملتا ہے تو ان کے خلاف بھی تحریک عدم اعتماد پیش کرنے سے گریز نہیں کرے گی ۔ پارٹی وفاداری تبدیلی کرنے والے ارکان اسمبلی کو ہائی کورٹ کی جانب سے راحت ملنے پر پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ کانگریس پارٹی اس معاملے میں تمام زاویوں سے جائزہ لے رہی ہے ۔۔
تلنگانہ میں کسانوں کی خود کشی کے واقعات پر حکومت ذمہ دار
پٹہ پاس بکس جاری کرنے کا مطالبہ ، رعیتو سادھیکاریکا سیوا سمیتی کا بیان
حیدرآباد ۔ 28 ۔ ستمبر : ( سیاست نیوز ) : رعیتو سادھیکاریکا سیوا سمیتی نے حکومت تلنگانہ پر تلنگانہ میں پیش آنے والے خود کشی کے واقعات پر قابو پانے میں یکسر ناکامی کا الزام عائد کرتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ آر او آر کے تحت کسانو کو پٹہ پاس بک کی اجرائی کے لیے جی او جاری کرے تاکہ کسانوں کو درپیش مسائل کی یکسوئی کی جاسکے صدر سمیتی وی سرینواس اور اڈوائزر مسٹر پی رویندر ریڈی نے پریس کانفرنس سے مخاطب کرتے ہوئے بتایا کہ حکومت کسانوں کے مسائل پر کوئی توجہ نہیں دے رہی ہے جس کے نتیجہ میں کسان طبقہ معاشی پریشانیوں سے دل برداشتہ ہو کر خود کشی پر مجبور ہے ۔ اکثر و بیشتر کسان پٹہ دار پاس بک سے محروم ہیں جس کی وجہ سے کسانوں کو نہ تو بینکوں میں زرعی قرضہ جات دئیے جارہے ہیں اور نہ ان کی پیداوار کو مارکٹ میں خریدا جارہا ہے ۔ نہ ہی ان کی کوئی شناخت ہے جس کے نتیجہ میں کسان طبقہ معاشی بحران کا شکار ہورہا ہے ۔ انہوں نے حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ فوری طور پر کسانوں کو پٹہ دار پاس بک کی اجرائی سے متعلق آر او آر کے تحت قانون نافذ کرتے ہوئے تمام کسانوں کو پاس بکس فراہم کر کے انہیں بینک سے قرضہ جات کی اجرائی کے علاوہ کسانوں کو درپیش دیگر مسائل کی یکسوئی کے لیے ممکنہ اقدامات کرے تاکہ کسانوں کے خود کشی واقعات پر قابو پایا جاسکے ۔ اس موقع پر سیوا سمیتی قائدین مسرز تروپتی ریڈی ، پربھاکر ، موہن ریڈی ، کرشنا ، مدھو ، سرینواس ، ستیم اور دیگر موجود تھے ۔۔