ناانصافی کے باوجود مرکزی کابینہ میں ٹی ڈی پی وزراء کی برقراری پر حیرت:جگن
حیدرآباد ۔ 10 ۔ مارچ (پی ٹی آئی) آندھراپردیش قانون ساز اسمبلی میں آج اصل اپوزیشن جماعت وائی ایس آر کانگریس نے حکمراں تلگو دیشم پارٹی کو اپنی سخت تنقید کا نشانہ بنایا اور الزام عائد کیا کہ وہ سابق متحدہ ریاست کی تقسیم کے موقع پر کئے گئے وعدوں کی تکمیل میں ناکام ہوگئی ہے۔ حالانکہ تلگو دیشم پارٹی آندھراپردیش میں برسر اقتدار ہے اور مرکز میں بی جے پی کے زیر قیادت این ڈی اے حکومت کی ایک حلیف جماعت ہے۔ اپوزیشن لیڈر اور وائی ایس آر کانگریس پارٹی کے صدر جگن موہن ریڈی نے ریاست کی تقسیم کے موقع پر کئے گئے وعدوں کا مسئلہ موضوع بحث بنایا اور اس بات پر حیرت کا اظہار کیا کہ تلگو دیشم پارٹی ہنوز بی جے پی کی قیادت میں برسر اقتدار این ڈی اے حکومت کا ایک حصہ ہے اور کیا وجہ ہے کہ مرکزی حکومت نے آندھراپردیش کو خاطر خواہ امداد فراہم نہیں کی۔ جگن موہن ریڈی نے کہا کہ ’’اگر آپ (چندرا بابو نائیڈو) محسوس کرتے ہیں کہ بی جے پی حکومت نے ناانصافی کی ہے تو پھر آپ (تلگو دیشم) مرکزی کابینہ میں بدستور کیا موجود ہیں اور پھر کیا وجہ ہے کہ بی جے پی ارکان آپ کی تلگو دیشم حکومت میں شامل ہے۔ واضح رہے کہ آندھراپردیش کے چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے مرکزی بجٹ پر اپنے ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ مرکز سے انہیں سخت مایوسی ہوئی ہے کیونکہ بجٹ میں آندھراپردیش کے ساتھ ناانصافی ہوئی ہے اور اس ریاست کیلئے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے کچھ نہیں کیا گیا ہے۔ جگن موہن ریڈی کے ان ریمارکس پر چیف منسٹر این چندرا بابو نائیڈو نے اسمبلی میں کہا کہ وہ اس مسئلہ پر نمائندگی کر رہے ہیں اور آندھراپردیش کی ریاستی حکومت ان سے کئے گئے وعدوں کی تکمیل کیلئے مرکز پر اپنا دباؤ جاری رکھے گی۔ انہوں نے یاد دلایا کہ اس ضمن میں وہ تاحال 6 مرتبہ دہلی کا دورہ کرچکے ہیں۔