تلگو دیشم اور بی جے پی کی سروے پر بیان بازی بے بنیاد

عوام سے سروے میں حصہ لے کر کامیاب بنانے کی اپیل ، ٹی آر ایس ارکان اسمبلی کا بیان
حیدرآباد 18 اگست ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس قائدین نے عوام سے اپیل کی کہ 19 اگست کو ہونے والے جامع سماجی سروے میں حصہ لیکر اسے کامیاب بنائے۔ پارٹی کے رکن اسمبلی جی کشور اور سینئر قائد پی راجیشور ریڈی نے آج اخباری نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے سروے کے اہتمام کا خیر مقدم کیا ہے ۔ ان قائدین نے کہا کہ سروے تلنگانہ عوام کے حق میں ہے اور تلنگانہ عوام کی بھلائی کو پیش نظر رکھتے ہوئے اس کا اہتمام کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو اس سروے میں حصہ لیتے ہوئے حقیقی معلومات فراہم کرنے چاہئے تا کہ سماج کی حقیقی تصویر حکومت کے سامنے پیش ہو۔ ان قائدین نے کہا کہ عوام کی ضرورتوں کے مطابق اسکیمات کی تیاری کیلئے یہ سروے منعقد کیا جارہا ہے۔رکن اسمبلی جی کشور نے اپوزیشن کی جانب سے سروے پر کئے جارہے اعتراضات کو مسترد کردیا اور الزام عائد کیا کہ اپوزیشن جماعتیں غیر ضروری طور پر بیان بازی کے ذریعہ عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ تلگودیشم اور بی جے پی قائدین حقائق سے عدم واقفیت کے سبب سروے کے خلاف بیانات دے رہے ہیں۔ انہوں نے ان جماعتوں کے قائدین کو مشورہ دیا کہ وہ بیان بازی سے گریز کریں اور سروے کی کامیابی کیلئے حکومت سے تعاون کریں۔ انہو ںنے کہا کہ اپوزیشن قائدین اگر حقیقی معنوں میں عوام کے ہمدرد ہیں تو انہیں سروے میں تعاون کرنا چاہئے ۔ کشور نے کہا کہ تلنگانہ عوام کی بھلائی کے بارے میں فکر مند چندر شیکھر راو کے ہاتھ مضبوط کرنے کی ضرورت ہے اور اسی میں تلنگانہ سماج کی بھلائی ہے ۔ انہوں نے سوال کیا کہ حکومت کو اس بات کا اختیار حاصل نہیں کہ تلنگانہ میں مقیم افراد کی سماجی اور معاشی صورتحال کا جائزہ لیں۔ انہوں نے مارکٹ کمیٹی صدر نشین کے عہدوں میں ایس سی ایس ٹی طبقات کو تحفظات کی فراہمی سے متعلق کے سی آر کے اعلان کا خیرمقدم کیا ۔ انہوں نے کہا کہ وہ دلت طبقہ کی جانب سے چیف منسٹر سے اظہار تشکر کرتے ہیں جنہوں نے انتخابی منشور میں شامل امور کے علاوہ دلتوں کیلئے مزید تحفظات کا اعلان کیا ہے ۔ اس طرح اعلی عہدوں پر دلتوں کی نمائندگی میں اضافہ ہوا۔ ٹی آر ایس قائد راجیشور ریڈی نے جامع سروے کو ایک مثالی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس طرح کا سروے ابھی تک ملک کی کسی بھی ریاست میں نہیں کیاگیا ۔ صرف بیرونی ممالک میں اس طرح کے سروے کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اسکیمات کے فوائد حقیقی مستحقین تک پہنچانے کے مقصد سے سروے کا اہتمام کیا جارہا ہے ۔اپوزیشن کے اعتراضات کو مسترد کرتے ہوئے راجیشور ریڈی نے کہا کہ ہائی کورٹ نے بھی سروے کے اہتمام کو ہری جھنڈی دکھادی ہے ۔