تلگو دیشم اور بی جے پی کی انتخابی مفاہمت برقرار

صدر تلگودیشم سے طویل مذاکرات ، ترجمان بی جے پی پرکاش جاوڈیکر کا بیان
حیدرآباد ۔ 18 ۔ اپریل : ( سیاست نیوز) : تلگو دیشم ۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے درمیان ہوئی انتخابی مفاہمت برقرار رہے گی ۔ بی جے پی کے قومی ترجمان مسٹر پرکاش جاوڈیکر نے آج ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کے دوران یہ بات کہی ۔ انہوں نے آج دن میں زائد از 3 گھنٹے صدر تلگو دیشم پارٹی مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کے ہمراہ مذاکرات منعقد کئے اور اس طویل ملاقات کے دوران دونوں قائدین نے سیما آندھرا میں نشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں پیدا ہورہے اختلافات کو دور کرلیا ۔ باوثوق ذرائع سے موصولہ اطلاعات کے بموجب تلگو دیشم پارٹی نے بھارتیہ جنتا پارٹی سے اتحاد ختم کرنے کے سلسلہ میں تقریبا قطعی فیصلہ کرلیا تھا لیکن آج دن میں بھاریہ جنتا پارٹی کے قومی قائد نے شہر پہنچ کر مسٹر نائیڈو سے ان کی قیام گاہ پر بات چیت کی ۔ بتایا جاتا ہے کہ اس بات چیت کے دوران بی جے پی نے اسے حوالے کردہ نشستوں پر امیدواروں کی فہرست مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو پیش کردی گئی اور اطلاعات کے بموجب مسٹر نائیڈو نے معمولی ترامیم کے ساتھ امیدواروں کی فہرست کو منظوری بھی دے دی ۔ بعد ازاں قومی ترجمان بی جے پی مسٹر پرکاش جاوڈیکر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ نشستوں کی تقسیم کے معاملہ میں کچھ غلط فہمیاں پیدا ہوگئی تھیں لیکن ان غلط فہمیوں کو دور کرلیا گیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ اب جب کہ سیما آندھرا علاقوں میں پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی 19 اپریل کو آخری تاریخ ہے ۔ ایسے میں معاملات سے جلد نمٹنا ضروری تھا اسی لیے وہ حیدرآباد پہنچے ہیں ۔ مسٹر پرکاش جاوڈیکر نے بتایا کہ ملک کے مفاد میں تلگو دیشم سے بھارتیہ جنتا پارٹی نے اتحاد کیا ہے اور توقع کی جارہی ہے کہ دونوں سیاسی جماعتوں کا اتحاد ملک کے لیے فائدہ بخش ثابت ہوگا ۔ تلگو دیشم پارٹی ذرائع کے بموجب تلگو دیشم نے کئی نشستوں پر اپنے امیدواروں کے ناموں کا اعلان کردیا ہے اور اس میں بیشتر امیدوار آج پرچہ نامزدگی بھی داخل کرچکے ہیں اگر یہ امیدوار اتحاد کی برقراری کے باوجود بھی دستبردار نہیں ہوئے ہیں تو ایسی صورت میں تلگو دیشم ۔ بی جے پی اتحاد بے معنی ہو کر رہ جائے گا ۔۔