تلگود یشم پارٹی کا اجلاس مفاہمت کے امکان پر غور

اہم قائدین قدیم حلقوں سے مقابلہ کے خواہاں،چند حلقوں میں تبدیلی ممکن

حیدرآباد۔/19 ستمبر، ( سیاست نیوز) تلنگانہ تلگودیشم پارٹی نے ریاست میں ہونے والے قبل از وقت اسمبلی انتخابات کے سلسلہ میں اپنی تیاریوں کا آغاز کردیا ہے اور اہم قائدین کے ساتھ صلاح و مشوروں کے ذریعہ اپنی حکمت عملی کو قطعیت دینے میں مصروف دکھائی دیتی ہے۔ آج اس سلسلہ میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کا ایک اہم اجلاس این ٹی آر ٹرسٹ بھون میں ایل رمنا صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کی صدارت میں منعقد ہوا۔ پارٹی ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ اس اجلاس میں آر چندر شیکھر ریڈی، آر پرکاش ریڈی ارکان پولیٹ بیورو تلگودیشم پارٹی، ای پیدی ریڈی، اروند کمار گوڑ، ایم وینکٹیشور راؤ، محمد تاج الدین صدر ریاستی اقلیتی سل تلگودیشم پارٹی و دیگر قائدین بھی شریک تھے۔ اجلاس میں مختلف جماعتوں کے ساتھ ملکر انتخابی مفاہمت کے علاوہ دھرما آباد کورٹ سے قومی صدر تلگودیشم پارٹی و چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو دی گئی نوٹسوں پر تفصیلی غور و خوض کیا گیا۔ بتایا جاتا ہے کہ کودنڈا رام کی زیر قیادت تلنگانہ جنا سمیتی کے ساتھ ملکر بھی کام کرنے کا بعض قائدین نے مشورہ دیا۔انتخابی اتحاد قطعیت پانے کی صورت میں تلگودیشم پارٹی کے حلقہ جات اسمبلی کا حصول ممکن نہیں دکھائی دے رہا ہے۔ سمجھا جاتا ہے کہ حلقہ جات اسمبلی جگتیال، ونپرتی، نرسم پیٹ تلگودیشم پارٹی کو حاصل ہونے کی کوئی گنجائش دکھائی نہیں دے رہی ہے۔ جبکہ ان حلقہ ات سے کانگریس پارٹی قائدین جیون ریڈی، ڈاکٹر جی چنا ریڈی دعویدار ہیں۔ جبکہ تلگودیشم پارٹی سے حلقہ اسمبلی جگتیال سے ایل رمنا، حلقہ اسمبلی ونپرتی سے آر چندر شیکھر ریڈی اور حلقہ اسمبلی نرسم پیٹ سے آر پرکاش ریڈی دعویدار بتائے جاتے ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ ایل رمنا کو حلقہ اسمبلی جگتیال کے بجائے کورٹلہ سے آر چندر شیکھر ریڈی کو ونپرتی کے بجائے دیور کدرا اور آر پرکاش ریڈی کو نرسم پیٹ کے بجائے پرکال سے مقابلہ کرنے کا مشورہ دیا جارہا ہے۔