تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کو عوامی فلاح سے دلچسپی نہیں

ووٹ اور سیٹ حاصل کرنے نت نئے وعدے ۔ جگن موہن ریڈی کا خطاب

جگیا پیٹ 3 مئی ( آئی این این ) بی جے پی ۔ تلگودیشم اتحاد پر اپنی تنقیدوں میں شدت پیدا کرتے ہوئے وائی ایس آر کانگریس کے سربراہ وائی ایس جگن موہن ریڈی نے کہا کہ یہ اتحاد عوام کی فلاح و بہبود میں دلچسپی نہیں رکھتا بلکہ وہ صرف ووٹوں اور نشستوں وکیئے فکرمند ہے اور وہ انتخابات کے دوران موسمی پرندوں کی طرح سامنے آتے ہیں۔ تاہم وائی ایس آر کانگریس پارٹی ہر وقت عوام کے ساتھ ہے اور اس نے حکومت کے خلاف کئی مسائل پر احتجاج کیا ہے ۔ یہاں پارٹی کے روڈ شو میں حصہ لیتے ہوئے جگن موہن ریڈی نے کہا کہ تلنگانہ میں انتخابات کے مکمل ہوتے ہی بی جے پی ۔ تلگودیشم کے قائدین تروپتی پہونچ گئے اور وہاں بھی انہوں نے ترقی کے نام پر ووٹ مانگتے ہوئے ریاست کی تقسیم کیلئے انہیں ذمہ دار قرار دیا ہے ۔ انہوں نے بتایا کہ علاقہ کے عوام حقیقت سے اچھی طرح واقف ہیں اور وہ ( جگن ) عوام سے اپیل کرتے ہیں کہ وہ اس طرح کی تقسیم پسندانہ اور غیر اخلاقی طاقتوں کی بجائے وائی ایس آر کانگریس کو ووٹ دیں تاکہ ریاست کی فلاح و بہبود ممکن ہوسکے ۔ انہوں نے کہا کہ یہ کانگریس ‘ بی جے پی اور تلگودیشم ہیں جنہوں نے پارلیمنٹ میں علیحدہ ریاست تلنگانہ کے حق میں ووٹ دیا تھا ۔ بی جے پی لیڈر سشما سواراج تو علیحدہ ریاست کیلئے غیر مشروط تائید کرنے کا ادعا کرتے ہوئے تلنگانہ میں ووٹ مانگ رہی تھیں۔ جگن نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے سارے تلنگانہ کا دورہ کیا اور کہا کہ تلنگانہ ریاست کا قیام صرف تلگودیشم کی جانب سے دئے گئے غیر مشروط مکتوب کی وجہ سے ممکن ہوا ہے ۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ تلنگانہ میں انتخابات ختم ہوتے ہی تلگودیشم ۔ بی جے پی قائدین نے اپنا رنگ بدل لیا ہے اور اب وہ متحدہ آندھرا کے حامی ہونے کا ادعا کر رہے ہیں۔ یہ لوگ جھوٹی باتیں کر رہے ہیں اور یہ الزام عائد کر رہے ہیں کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی تقسیم ریاست کیلئے ذمہ دار ہے ۔ انہوں نے الزام عائدکیا کہ اسی اتحاد نے 2004 سے 2009 تک عوام سے مرکز و ریاست میں بے شمار وعدے کئے تھے لیکن یہ وعدے پورے نہیں کئے گئے ۔ اس وقت نہ پولاورم کی بات کی گئی اور نہ پلی چنتلہ کی بات کی گئی ۔ انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موسم میں وعدے کرنا اور پھر انہیں فراموش کردینا ان جماعتوں کی عادت ہے ۔ جگن موہن ریڈی نے ادعا کیا کہ وہ ریاست میں عوام کی فلاح و بہبود چاہتے ہیںاور اسی لئے وہ ہر وقت عوام کے درمیان رہتے ہیں انہوں نے تلگودیشم ۔ بی جے پی اتحاد کی جانب سے ان پر ہونے والی تنقیدوں کو مسترد کردیا ۔