وائی ایس آر کانگریس راج شیکھر ریڈی کی فلاحی اسکیمات برقرار رکھے گی : وجئے اماں
پروڈوٹور ( کڑپہ ) 28 مارچ ( آئی این این ) یہ تیقن دیتے ہوئے کہ وائی ایس آر کانگریس پارٹی کی جانب سے اپنے انتخابی وعدوں کے علاوہ سابق چیف منسٹر راج شیکھر ریڈی کی تمام فلاحی اسکیموں کو برقرار رکھا جائیگا پارٹی کی اعزازی صدر وائی ایس وجئے اماں نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی صرف کھوکھلے وعدے کر ہری ہے اور اس نے ماضی میں کبھی بھی عوام سے کئے گئے وعدے پورے نہیں کئے ۔ انہوں نے رائے دہندوں سے اپیل کی کہ وہ مجوزہ انتخابات میں وائی ایس آر کانگریس کے حق میں ووٹ دیں۔ انہوں نے کہا کہ وائی ایس جگن موہن ریڈی ‘ راج شیکھر ریڈی کے تمام کاموں کو جاری رکھیں گے اور انتخابات میں جو پانچ وعدے کئے گئے ہیں انہیں پورا کرینگے کیونکہ انہیں عوام سے وعدوں کو پورا کرنے کی روایت اپنے والد سے ورثہ میں ملی ہے ۔ انہوں نے یہاں ایک ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ تلگو دیشم پارٹی نے کبھی بھی اپنے وعدے پورے نہیں کئے اور پارٹی کے صدر چندرا بابو نائیڈو سب کی نظر میں ایک موقع پرست ہیں اور وہ وقت کے ساتھ ساتھ اپنا موقف بھی بدلتے رہتے ہیں۔ ان کی ترجیحات الگ ہیں اور ان کا ایجنڈہ خفیہ ہے ۔ وہ صرف چنندہ افراد کو عوام کی فلاح و بہبود کو نظر انداز کرتے ہوئے فائدہ پہونچاتے ہیں۔ انہوں نے چندرا بابو نائیڈو اور وائی ایس آر کے دور حکومت میں فرق بتاتے ہوئے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے اپنے نو سال کے دور حکومت میں ریاست کو تاریکی میں ڈھکیل دیا تھا جبکہ وائی ایس راج شیکھر ریڈی نے معیشت کو ترقی کی راہ پر گامزن کیا تھا اور سماج کے تمام طبقات کو اپنی فلاحی اسکیمات کے ذریعہ خوش کیا تھا ۔
انہوں نے اس موع پر آروگیہ شری ‘ فیس ری ایمبرسمنٹ ‘ پوالہ وڈی ‘ وظیفہ پیرانہ سالی ‘ ہاوزنگ ‘ راشن کارڈز کی اجرائی اور جلا یگنم جیسی اسکیمات کا تذکرہ کیا ۔ انہوں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو نے سرمایہ نکاسی کے نام پر نفع بخش صنعتوں کو بند کردیا تھا اور اب وہ ہر خاندان کو ایک روزگار فراہم کرنے کا وعدہ کر ہرے ہیں۔ یہ ان کے انتخابی وعدے ہیں جس کی کوئی بنیاد نہیں ہے اور یہ پورے نہیں کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ نائیڈو نے 54 صنعتوں کو بند کرکے کئی افراد کو بیروزگار کردیا تھا ۔ اب نائیڈو کسانوں کے قرض معاف کرنے کی بات کر رہے ہیں جبکہ انہیں اعداد و شمار ہی معلوم نہیں ہیں۔ کسانوں کا قرض ریاست کے بجٹ سے زیادہ ہے ۔ کسانوں کے قرض معافی کی اسکیم کا قومی سطح پر آغاز ہونا چاہئے اور مرکزی حکومت کو یہ کام کرنا چاہئے ۔ وجئے اماں نے کہا کہ چندرا بابو نائیڈو اس طرح کے بے بنیاد وعدے کرتے جا رہے ہیں اور وہ عوام کو خبردار کرتی ہیں کہ وہ ان کے جھوٹے وعدوں کا شکار نہ ہوجائیں۔ انہوں نے کہا کہ نائیڈو نے اپنے دور اقتدار میں کبھی بھی کسانوں کا قرض معاف نہیں کیا اور نہ ہی انہوں نے معافی کیلئے مرکز کو درخواست روانہ کی ۔ اب نائیڈو حیدرآباد کی ترقی اور انٹرنیشنل ائرپورٹ کے قیام و آوٹر رنگ روڈ کی تعمیر کا سہرا اپنے سر لینا چاہتے ہیں جبکہ یہ کام راج شیکھر ریڈی نے کئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نائیڈو نے اپنے دور اقتدار میں عالمی بینک کے ایجنٹ کے طور پر کام کیا اور ان کی پالیسیاں عوام مخالف تھیں۔