جماعت کو قومی سطح پر وسعت دینے کا فیصلہ، لوکیش کو اہم ذمہ داری دینے کا امکان
حیدرآباد 26 مئی (سیاست نیوز) ریاست تلنگانہ کے دولت مند ریاست بننے میں سابق تلگودیشم حکومت کی جانب سے روبہ عمل لائے گئے اصلاحات ہی اصل وجہ ہیں جس کے فوائد سے آج تلنگانہ حکومت بھرپور استفادہ کررہی ہے۔ اس کے لئے تلنگانہ راشٹرا سمیتی کی زیرقیادت حکومت کو تلگودیشم پارٹی کی مرہون منت ہونا چاہئے۔ آئندہ انتخابات میں تلنگانہ تلگودیشم پارٹی ریاست تلنگانہ میں اقتدار ضرور حاصل کرے گی کیونکہ خود تلنگانہ عوام ٹی آر ایس کی زیرقیادت حکومت کو بہتر سبق سکھائیں گے۔ صدر تلنگانہ تلگودیشم پارٹی مسٹر ایل رمنا نے اپنے اس خیال کا اظہار کیا اور بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں تلگودیشم پارٹی کو کسی قسم کا ڈر و خوف نہیں ہے کیونکہ تلگودیشم کو پارٹی کارکن ہی بڑی طاقت ہیں جس کی وجہ سے آج بھی تلنگانہ تلگودیشم پارٹی کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا بلکہ پارٹی کارکنوں کی تلگودیشم کو مضبوط بنانے کیلئے کی جانے والی جدوجہد کے ذریعہ تلنگانہ میں ٹی ڈی پی مستحکم ہوئی ہے۔ یہاں تک کہ تلگودیشم پارٹی ٹکٹ پر منتخب ہوکر پارٹی سے انحراف کرکے دیگر پارٹیوں میں ارکان اسمبلی شامل ہونے کے باوجود بھی تلگودیشم کیڈر جوں کا توں برقرار ہے۔ اس طرح آئندہ دنوں میں تلگودیشم پارٹی علاقائی نہیں رہے گی بلکہ قومی پارٹی کا موقف حاصل کرلے گی۔ اُنھوں نے کہاکہ تلگودیشم پارٹی سے ارکان اسمبلی دیگر پارٹیوں میں شامل ہونے کے باوجود تلگودیشم کو کسی قسم کا نقصان نہیں ہوا ہے بلکہ تلگودیشم پارٹی میں نیا کیڈر (نیا خون) شامل ہورہا ہے۔ مسٹر رمنا نے بتایا کہ 27 تا 29 مئی سہ روزہ تلگودیشم پارٹی کا مہاناڈو پروگرام بڑے پیمانے پر گنڈی پیٹ میں منعقد ہوگا۔ توقع ہے کہ چندرابابو نائیڈو کے فرزند این لوکیش کو اہم تنظیمی ذمہ داری دی جائے گی۔ اور اس مہاناڈو میں ریاست تلنگانہ اور آندھراپردیش کیلئے دو علیحدہ کمیٹیاں تشکیل دیئے جانے کے علاوہ ایک مرکزی کمیٹی بھی قائم کی جائے گی۔