مابقی کاموں کو جلد مکمل کرنے چیف منسٹر آندھرا پردیش کی ہدایت
حیدرآباد ۔ 24 جنوری (سیاست نیوز) چیف منسٹر آندھراپردیش چندرا بابو نائیڈو نے کہاکہ ریاست میں تلگودیشم کے برسراقتدار آنے کے بعد جملہ 3529 کیلو میٹر طویل سی سی روڈز کی تعمیر مکمل کرلی گئی ہے اور مزید 1471 کیلو میٹر طویل سی سی روڈز کی تعمیر کو جلد مکمل کرنے اقدامات کرنے کی متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو ہدایات دیں۔ چیف منسٹر نے جو دورہ دہلی پر روانہ ہوئے ‘آج دہلی سے ضلع کلکٹروں، عوامی منتخبہ نمائندوں کے علاوہ مختلف محکمہ جات کے اعلیٰ عہدیداروں کے ساتھ ٹیلی کانفرنس سے خطاب میں فراہمی روزگار کے کاموں میں تیزی پیدا کرنے کا مشورہ دیا اور کہا کہ قومی ضمانت روزگار میں ناگالینڈ کو پہلا مقام حاصل ہے اور آندھراپردیش کو دوسرا مقام حاصل ہے۔ لہٰذا ریاست کو پہلا مقام حاصل کرنے موثر کارکردگی کی ضرورت ہے اور عہدیداروں کو اس پر توجہ دینا چاہئے ۔ باوثوق سرکاری ذرائع نے کہاکہ جاریہ سال کیلئے مقرر کردہ 6 ہزار کروڑ روپئے کے نشانہ کو پورا کیا جانا چاہئے کیونکہ رقومات اگر مکمل خرچ کرلینے کی صورت میں مزید فنڈز منظور ہونگے اور آئندہ سال ایک ہزار کروڑ روپئے زائد منظور ہوسکیں گے۔ چیف منسٹر نے عہدیداروں سے کہا کہ وہ کسی بھی وقت فراہمی روزگار کے جاری کاموں کا نچلی سطح پر یعنی (گاؤں کی سطح پر) دورہ کرکے تفصیلی جائزہ لیں گے۔ علاوہ ازیں مسٹر چندرا بابو نائیڈو نے عہدیداروں سے کہا کہ ’’فصل سنجیونی‘‘ کے تحت 2,21,000 کنٹوں کی کھدوائی مکمل کرلینے کی ہدایات دیں۔ انہوں نے ضلع کلکٹروں اور عہدیداروں پر زور دیا کہ وہ ریاست میں ترقیاتی پروگراموں پر عمل آوری کو یقینی بنانے کیلئے ترجیحی بنیاد پر اقدامات کریں۔