حیدرآباد 4 اکٹوبر ( آئی این این ) تلگودیشم گریٹر حیدرآباد کے نو نامزد صدر و رکن اسمبلی ایم گوپی ناتھ نے اس یقین کا اظہار کیا کہ مجوزہ جی ایچ ایم سی انتخابات میں تلگودیشم پارٹی زبردست کامیابی حاصل کریگی ۔ یہاں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے گوپی ناتھ نے کہا کہ تلگودیشم پارٹی جی ایچ ایم سی انتخابات میں کامیابی حاصل کریگی اور 2001 کی طرح اب بھی مئیر کا عہدہ حاصل کرلے گی ۔ انہوں نے ادعا کیا کہ دونوں شہروں حیدرآباد و سکندرآباد کے علاوہ جی ایچ ایم سی کے حدود میں تلگودیشم پارٹی مستحکم ہوئی ہے ۔ مسٹر گوپی ناتھ نے مجلس بلدیہ پر عدم کارکردگی کا الزام عائد کیا اور کہا کہ وہ شہر میں ڈینگو ‘ ملیریا ‘ سوائین فلو جیسی بیماریوں کو پھیلنے سے روکنے میں ناکام رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی اور حکومت دواخانوں میں مریضوں کے علاج کیلئے بھی خاطر خواہ انتظامات کرنے میں ناکام رہے ہیں۔