دونوں ریاستوں میں کشیدگی پیدا کرنے کا الزام، کیشو راؤ کے خلاف بیان بازی کی مذمت
حیدرآباد۔/23جون، ( سیاست نیوز) ٹی آر ایس کے رکن قانون ساز کونسل کے پربھاکر نے تلگودیشم کے رکن راجیہ سبھا ٹی جی وینکٹیش کی جانب سے ٹی آر ایس کے سکریٹری جنرل ڈاکٹر کیشو راؤ کو نشانہ بنانے پر شدید رد عمل کا اظہار کیا۔ میڈیا کے نمائندوں سے بات چیت کرتے ہوئے کے پربھاکر نے کہا کہ ٹی جی وینکٹیش جو بنیادی طور پر مخالف تلنگانہ قائد ہیں انہوں نے کیشو راؤ جیسی شخصیت کو نشانہ بناتے ہوئے پھر ایک مرتبہ اپنی ذہنیت کو آشکار کیا ہے۔ تلنگانہ کیلئے ڈاکٹر کیشو راؤ کی خدمات کوئی ڈھکی چھپی بات نہیں، تلنگانہ تحریک سے لیکر ریاست کے قیام کے بعد بھی پارلیمانی پارٹی قائد کی حیثیت سے ڈاکٹر کیشو راؤ تلنگانہ کی ترقی میں اہم رول ادا کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ٹی جی وینکٹیش کے الزامات اُن کے ذہنی دیوالیہ پن کو ثابت کرتے ہیں لہذا انہیں فوری مینٹل ہاسپٹل منتقل کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ تلگودیشم قائد کو چاہیئے کہ وہ اشتعال انگیز بیانات کا سلسلہ فوری بند کردیں کیونکہ ان کے بیانات تلگو عوام کے درمیان تعلقات میں بگاڑ پیدا کرسکتے ہیں۔ ٹی جی وینکٹیش ابھی اس مقام تک نہیں پہنچے کہ وہ ڈاکٹر کیشو راؤ جیسی شخصیت پر تنقید کرسکیں۔ انہوں نے کہاکہ ٹی جی وینکٹیش اپنے بیانات کے ذریعہ دونوں ریاستوں کے درمیان صورتحال کو کشیدہ کرنا چاہتے ہیں۔ کے پربھاکر نے چیف منسٹر آندھرا پردیش چندرا بابو نائیڈو کو مشورہ دیا کہ وہ اپنے رکن پارلیمنٹ پر کنٹرول کریں کیونکہ ٹی جی وینکٹیش جیسی شخصیتوں کے سبب خود آندھرا پردیش کو بھی نقصان ہوگا۔ انہوں نے کہا کہ رائلسیما سے ناانصافیوں کے خلاف جدوجہد کا ذکر کرتے ہوئے تلنگانہ تحریک کی اہمیت کو گھٹانے کی کوشش کرنا افسوسناک ہے۔ وینکٹیش دراصل تلنگانہ جدوجہد اور قربانیوں سے واقف نہیں ہیں۔ انہیں چاہیئے کہ اپنے علاقہ کے عوام کی خدمت پر توجہ مرکوز کریں بجائے اس کے عوام کے درمیان اختلافات پیدا کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ ریاست کی تقسیم کے بعد سے چیف منسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے آندھرا پردیش کے حق میں ہمدردانہ موقف اختیار کیا ہے۔ چیف منسٹر کے سی آر کا ماننا ہے کہ دونوں تلگو ریاستوں کو بیک وقت ترقی کا موقع ملنا چاہیئے۔ انہوں نے کہا کہ پارلیمنٹ میں جس وقت تلگودیشم کے ارکان آندھرا پردیش کیلئے خصوصی موقف کی مانگ کررہے تھے ٹی آر ایس نے ان کے مطالبہ کی تائید کی۔ تلنگانہ حکومت اور عوام آندھرا پردیش کے عوام کے ساتھ ہیں اور ترقی و خوشحالی کے خواہاں ہیں۔