تلنگانہ ‘ آندھرا اختلافات کی یکسوئی کیلئے گورنر نرسمہن کی مساعی

حیدرآباد۔26جنوری ( سیاست نیوز) گورنر تلنگانہ و آندھراپردیش نے متحدہ ریاست کی تقسیم کے بعد دونوں ریاستی حکومتوں کے مابین تنازعات کی یکسوئی کیلئے آج چیف منسٹروں مسرس کے چندر شیکھر راؤ اور این چندرا بابو نائیڈو کو ایک جگہ بٹھاکر تنازعات پر بات چیت کی ۔ راج بھون میں آج یوم جمہوریہ کے سلسلہ میں ترتیب دیئے گئے عصرانہ کے بعد گورنر نے دونوں چیف منسٹروں کے ساتھ علحدہ اجلاس منظم کیا ۔ راج بھون کے ذرائع کے مطابق بتایا جاتا ہے کہ دونوں چیف منسٹرس کے ساتھ گورنر کی بات چیت زائد از 45منٹ تک جاری رہی اور اس دوران سمجھا جاتا ہیکہ گورنر نے دونوں کو معمولی معمولی مسائل پر الجھنے سے گریز کرنے اور کسی مسئلہ کو اپنی انا کا مسئلہ نہ بناتے ہوئے آپسی بات چیت سے یکسوئی کرلینے کا مشورہ دیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ دونوں چیف منسٹرس نے گورنر کے مشورہ سے اتفاق کیا ۔ بتایا جاتا ہیکہ بات چیت کے دوران چیف منسٹر تلنگانہ مسٹر کے چندر شیکھر راؤ نے نئی ریاست آندھراپردیش کی راجدھانی کیلئے منتخبہ مقام کے سلسلہ میں چیف منسٹر مسٹر این چندرا بابو نائیڈو کو مبارکباد دی اور کہا کہ دریائے کرشنا کے ساحلی مقام پر راجدھانی بنانے کا فیصلہ واستو کے مطابق بھی کافی بہتر ہے ۔ بتایا جاتا ہیکہ دونوں چیف منسٹروں سے گورنر نے علحدہ بھی تبادلہ خیال کیا اور جاری تنازعات کی یکسوئی کو یقینی بنانے اس نشست کے دوران مسٹر ای ایس ایل نرسمہن نے اپنی ممکنہ کوشش کی ۔