تلنگانہ یونیورسٹی میں اردو فیسٹیول

حیدرآباد 23 فروری (یواین آئی) شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی(ڈچپلی،ضلع نظام آباد )کے زیر اہتمام ایک روزہ ”بین جامعاتی اردو فیسٹیول2018” کا سائنس اینڈ انجینئرنگ کالج تلنگانہ یونیورسٹی کیمپس میں انعقاد عمل میں آیا۔افتتاحی تقریب میں مہمانان خصوصی کی حیثیت سے پروفیسر نسیم ڈائرکٹر اکیڈیمک آڈٹ سیل اور ڈاکٹر بی سریشا پرنسپل یونیورسٹی کالج نے شرکت کی۔ افتتاحی اجلاس کی صدارت مولوی محمد نصیر الدین سابق رکن عاملہ تلنگانہ یونیورسٹی نے کی۔پروفیسر نسیم نے خطاب طلبہ کو مشورہ دیا کہ وہ اپنی مخفی صلاحیتوں کو اجاگر کریں۔ طلبہ شعبہ تعلیم میں آگے بڑھیں۔ انہوں نے کہا کہ اردو فیسٹیول اپنی صلاحیتوں کو منوانے کے لئے بہترین ذریعہ ہے ۔انہوں نے شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کی جانب سے طلبہ کیلئے مختلف پروگرامس کے انعقاد پر اساتذہ کومبارکباد پیش کی۔ ڈاکٹر سریشا نے کہا کہ تلنگانہ یونیورسٹی میں شعبہ اردو فعال ہے جو اردو کی ترقی اور ترویج کے لئے نمایاں خدمات انجام دے رہا ہے ۔مولوی محمد نصیر الدین نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ طلبہ شاندار مستقبل کیلئے اپنے مطالعہ کو وسیع کریں۔ انہوں نے کہا کہ طلبہ کی صلاحیتوں کو نکھارنے اردو فیسٹیول بہترین ذریعہ ہے ۔انہوں نے شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی کی خدمات کی ستائش کی۔ ڈاکٹر اطہر سلطانہ صدر شعبہ اردو تلنگانہ یونیورسٹی نے 10 سالہ کارکردگی رپورٹ پیش کی اور مہمانوں کا استقبال کیا۔ ڈاکٹر موسیٰ اقبال نے شکریہ ادا کیا۔ڈاکٹر گل رعنا’ ڈاکٹر محمد عبدالقوی نے شرکاء کا استقبال کیا۔ اردو فیسٹیول میں تحریری’ تقریری’ نظم خوانی’ بیت بازی’ ادبی کوئز و دیگر مقابلوں کا انعقاد عمل میں آیا۔ جمیل نظام آبادی اور ریاض تنہا نے جج کے فرائض انجام دیئے ۔ڈاکٹر اسلم فاروقی نے تحریری اور ڈاکٹر عبدالرحمن نے تقریری مقابلوں کی نگرانی کی۔ مولانا آزاد یونیورسٹی’ تلنگانہ یونیورسٹی کے علاوہ پی جی ڈگری کالجس کے طلبہ نے مقابلوں میں حصہ لیا۔ اس موقع پر ڈاکٹر ناظم علی موظف پرنسپل بھی موجود تھے ۔