تلنگانہ یوتھ کانگریس کمیٹی تحلیل، 10 اگست کو انتخابات

حیدرآباد /21 جولائی (سیاست نیوز) تلنگانہ اسٹیٹ یوتھ کانگریس کمیٹی آج تحلیل کردی گئی۔ آج گاندھی بھون میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے تلنگانہ یوتھ کانگریس کے صدر و رکن اسمبلی ومشی چند ریڈی نے کہا کہ وہ مقابلہ کرنے کے اہل ہیں، تاہم وہ مقابلہ کرنے کی بجائے نوجوانوں کو مقابلہ کا موقع فراہم کرنا چاہتے ہیں۔ انھوں نے کہا کہ مقابلہ کے لئے ان پر دباؤ ہے، اس کے باوجود وہ نہیں کریں گے، لیکن جو بھی نئی کمیٹی منتخب ہوکر آئے گی، وہ اس کے ساتھ بھرپور تعاون کریں گے۔ انھوں نے کہا کہ تلنگانہ میں یوتھ کانگریس کی میعاد مکمل ہوئی ہے۔ دو لاکھ یوتھ کانگریس کے رائے دہندے ہیں، 22 تا 26 جولائی فہرست رائے دہندگان کی تنقیح کی جائے گی۔ اگر ناموں، تصویر اور تاریخ پیدائش میں کوئی غلطی ہوگئی ہو تو اس کو درست کرنے کا موقع دیا جائے گا۔ انھوں نے کہا کہ یہ انتخابات چار مرحلوں میں ہوں گے، جب کہ رائے دہی کے ذریعہ مختلف عہدوں کے لئے قائدین کا انتخابات کیا جائے گا۔ انھوں نے بتایا کہ 10 اگست کو پہلے مرحلہ میں گرام پنچایت اور اسمبلی حلقہ کے صدور و دیگر عہدوں کے انتخابات ہوں گے اور اس کے ایک ہفتہ بعد لوک سبھا اور اسٹیٹ کمیٹی کے انتخابات ہوں گے۔ انھوں نے بتایا کہ موجودہ کمیٹی میں بہتر کار کردگی کا مظاہرہ کرنے والے قائدین مقابلہ کے اہل ہوں گے، جب کہ شکست سے دو چار ہونے والے اور 35 سال حد عمر پار کرنے والے نااہل ہوں گے۔ انھوں نے کہا کہ مقابلہ کے اہل قائدین کی فہرست آج انڈین یوتھ کانگریس اپنے ویب سائٹ iyc.in پر جاری کرے گی۔ اگر فہرست میں شامل قائدین کے خلاف کسی کو شکایت ہے تو وہ انڈین یوتھ کانگریس سے رجوع ہو سکتے ہیں، ان کی شکایت پر غور کیا جائے گا۔ ان کی قیادت میں تشکیل دی گئی کمیٹی کی کار کردگی کے بارے میں پوچھے گئے سوال کا جواب دیتے ہوئے ومشی چند ریڈی نے کہا کہ سب سے بڑی خوشی یہ ہے کہ ان کے دور میں ریاست کی تقسیم ہوئی ہے۔ انھوں نے تلنگانہ کی وجے یاترا بھی منظم کی تھی۔ این ڈی اے حکومت اور ٹی آر ایس حکومت کے اسکامس پر یوتھ کانگریس کی طرف سے احتجاج نہ کرنے کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ اسٹیٹ یوتھ کانگریس کمیٹی کو سرکاری طورپر آج تحلیل کیا گیا ہے، مگر تکنیکی طورپر یوتھ کانگریس کی رکنیت سازی مہم کے آغاز کے ساتھ ہی اس کی میعاد مکمل ہو جاتی ہے۔ انھوں نے بتایا کہ یوتھ کانگریس کے بیانر تلے کوئی پروگرم نہیں کیا گیا، مگر پردیش کانگریس کے ہر پروگرام میں یوتھ کانگریس نے اہم رول ادا کیا ہے۔