جے اے سی قائدین سے چیف سکریٹری کی بات چیت
حیدرآباد 20 جولائی (سیاستن یوز) تلنگانہ حکومت نے ریاست کے پنشنرس کو درپیش مختلف مسائل کے منجملہ کئی مسائل کی یکسوئی سے اتفاق کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ ریاستی پنشنرس کے دیرینہ حل طلب مسائل کی عاجلانہ یکسوئی کے لئے تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کی جانب سے مطالبات کی نمائندگی پر کمیٹی قائدین اور دیگر تنظیموں کے قائدین کو بات چیت کیلئے طلب کیا اور مسائل کا تفصیلی جائزہ لیتے ہوئے زائداز 8 مطالبات کی فوری طور پر یکسوئی کرنے سے اتفاق کرکے متعلقہ اعلیٰ عہدیداروں کو چیف سکریٹری نے ضروری ہدایات دیں۔ مسرس آر وشواس ریڈی صدرنشین اور کے لکشمیا سکریٹری نے اس بات کا اظہار کیا اور بتایا کہ چیف سکریٹری حکومت ایس پی سنگھ کی صدارت میں تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی قائدین کا ایک اجلاس گزشتہ دن منعقد ہوا۔ اس اجلاس میں چیف سکریٹری نے دسویں پے ریویژن کمیشن کی سفارشات کی روشنی میں 70 سال تجاوز کرجانے والے پنشنرس کو 15 فیصد زائد وظیفہ ادا کرنے کے احکامات جاری کرنے، تلنگانہ انسنٹیومنظور کرنے 9 ماہ کے واجب الادا پی آر سی (پے ریویژن کمیشن) کے بقایا جات 18 اقساط میں دینے کے بجائے دو مرحلوں میں ہی ادا کرنے پر غور کرنے پنشنرس کو بہتر طبی سہولتوں کی فراہمی کے لئے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں کم از کم دس ویلنس سنٹرس کے علاوہ ہر ضلع مستقر پر ویلنس سنٹرس کا قیام عمل میں لانے سے اتفاق ، پنشنرس ہیلت اسکیم سے متعلق مسائل کی یکسوئی کرنے علیحدہ کال سنٹر قائم کرنے، راجیو گروہا کلپا کے تحت تعمیر کردہ مکانات کو رعایتی قیمتوں پر مکان نہ رکھنے والے پنشنرس کو فراہم کرنے ٹی ایس آر ٹی سی میں پنشنرس کے لئے 50 فیصد رعایتی شرح پر سفر کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ یکم جنوری 2017 ء تک واجب الادا گرانی الاؤنس کی فی الفور اجرائی سے اتفاق کرتے ہوئے عاجلانہ اقدامات کرتے ہوئے احکامات جاری کرنے کا تیقن دیا ۔ چیف سکریٹری کی جانب سے دیئے گئے اس تیقن پر تلنگانہ گورنمنٹ پنشنرس جوائنٹ ایکشن کمیٹی کے وفد نے ڈائرکٹر آف ٹریژریز اینڈ اکاؤنٹس سے ملاقات کرکے عاجلانہ اقدامات کی خواہش کی۔ اس کے علاوہ وفد نے پرنسپال سکریٹری محکمہ ٹی آر اینڈ بی سے ملاقات کرکے جوائنٹ سکریٹری کی ہدایت کی روشنی میں آر ٹی سی بسوں میں 50 فیصد رعایتی شرح پر سفر کے سہولتیں فراہم کرنے کے لئے عاجلانہ اقدامات کرنے کی خواہش کی۔ اعلیٰ عہدیداران متعلقہ محکمہ جات نے ہرممکنہ اقدامات کا تیقن دیا۔