تلنگانہ کے 31 افراد عراق میں پھنسے ہیں

سیما آندھرا کے دو باشندے بھی مشکل میں۔ مرکز سے مدد کی اپیل
حیدرآباد 19 جون ( پی ٹی آئی ) ریاست تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے 31 افراد اور سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے دو افراد جنگ سے متاثرہ ملک عراق میں پھنسے ہوئے ہیں۔ دونوں ریاستی حکومتوں کو موصولہ اطلاعات میں یہ بات بتائی گئی ہے ۔ حکومت تلنگانہ کو 31 افراد کے تعلق سے اطلاعات ملی ہیں جنہیں ہوسکتی ہے کہ حکومت کی ضرورت پڑے ۔ ایک عہدیدار نے یہ بات بتائی ۔ انہوں نے کہا کہ ہوسکتا ہے کہ مزید کچھ لوگ وہاں ہوں لیکن انہیں مدد کی ضرورت نہیں ہوگی ۔ دو دن قبل ایک اعلامیہ کے ذریعہ تلنگانہ حکومت نے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ اس بات کا پتہ چلائیں کہ آیا ریاست سے تعلق رکھنے والے کوئی لوگ وہاں موجود ہیں یا نہیں ۔کہا گیا ہے کہ سیما آندھرا سے تعلق رکھنے والے دو افراد بھی عراق میں ہیں۔ آندھرا پردیش کے این آر آئی ایمپاورمنٹ کے وزیر پی رگھوناتھ ریڈی نے یہ بات بتائی ۔ دو میں ایک کا تعلق مغربی گوداوری ضلع سے اور دوسرے کا وشاکھاپٹنم ضلع سے ہے ۔ حکومت آندھرا پردیش نے ایک ہیلپ لائین قائم کرتے ہوئے تمام ضلع کلکٹرس کو ہدایت دی کہ وہ ان افراد کا پتہ چلائیں جو عراق میں پھنسے ہوسکتے ہیں۔ حکومت آندھرا پردیش نے وزیر خارجہ سشما سواراج سے اپیل کی کہ وہ عراق میں مشکل میں پھنسے ہوئے افراد کو ہر ممکنہ امداد پہونچائیں اور بغداد میں ہندوستانی سفیر سے رابطہ بنائیں۔ ایک سوال کے جواب میں رگھوناتھ ریڈی نے بتایا کہ آندھرا پردیش کے زیادہ افراد عراق میں نہیں ہوسکتے ۔