تلنگانہ کے ہر ضلع ہیڈکوارٹر اور کلکٹریٹ میں شہیدان تلنگانہ کی یادگار

شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں میں پیاکیجس پر عمل آوری کا آغاز ، ٹی ہریش راؤ کا خطاب
حیدرآباد۔/5مارچ، ( سیاست نیوز) وزیر آبپاشی ہریش راؤ نے کہا کہ تلنگانہ جدوجہد کے دوران اپنی جانیں قربان کرنے والوں کی یاد میں ہر ضلع ہیڈکوارٹر اور کلکٹریٹ میں شہیدان تلنگانہ یادگار قائم کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ حکومت شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں کو امدادی پیاکیج کا اعلان کرچکی ہے جس پر عمل آوری کا آغاز ہوچکا ہے۔ ہریش راؤ نے آج سنگاریڈی میں شہیدان تلنگانہ کے افراد خاندان میں حکومت کے امدادی چیک پیش کئے۔ 25خاندانوں کو فی کس 10لاکھ روپئے کی امداد کا چیک حوالے کیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ حکومت نے اب تک شہیدان تلنگانہ کے جتنے خاندانوں کی نشاندہی کی ہے ان میں امدادی رقم کی تقسیم کا عمل جاری ہے۔ حکومت کی جانب سے یہ امداد ابھی آغاز ہے، آنے والے دنوں میں مزید ایسے خاندانوں کی نشاندہی کی جائے گی۔ انہوں نے کہا کہ شہیدان تلنگانہ کے خاندانوں میں کسی ایک شخص کو روزگار کی فراہمی کا بھی حکومت نے فیصلہ کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ٹی آر ایس حکومت اپنے وعدہ کے مطابق شہیدان تلنگانہ کو انصاف فراہم کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ رکن پارلیمنٹ ڈاکٹر کے کیشو راؤ نے کہا کہ علحدہ تلنگانہ ریاست میں شہیدان تلنگانہ کے خوابوں کی تکمیل ہی صحیح معنوں میں خراج عقیدت ہوگا۔ شہیدان تلنگانہ نے جس سنہری تلنگانہ کا خواب دیکھا تھا اس کی تکمیل ہر ایک کی ذمہ داری ہے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ ریاست کے حصول میں شہیدان تلنگانہ کی قربانیوں کا اہم دخل ہے اور حکومت سنہرے تلنگانہ کی تشکیل کی سمت گامزن ہے۔