تلنگانہ کے ہر ضلع میں اقلیتی طلباء کیلئے اقامتی مدارس کی تجویز

مکہ مسجد کا اچانک دورہ ،ونستھلی پورم اقامتی اسکول کا معائنہ ،اسپیشل آفیسر اوقاف محمد جلال الدین اکبر کا بیان
حیدرآباد 2 ستمبر (سیاست نیوز) ڈائرکٹر اقلیتی بہبود و اسپیشل آفیسر وقف بورڈ جناب محمد جلال الدین اکبر نے آج اقلیتی طلبہ کیلئے انگلش میڈیم اقامتی اسکول اور مکہ مسجد کا اچانک دورہ کیا اور انتظامات کا جائزہ لیا۔ ونستھلی پورم میں واقع انگلش میڈیم اقامتی اسکول پانچویں تا ایس ایس سی تک کے طلبہ کیلئے خدمات انجام دے رہا ہے جس میں طلبہ کی تعداد 200 سے زائد ہے۔ جناب جلال الدین اکبر نے اس اقامتی اسکول کے تعلیمی معیار اور طلبہ کو فراہم کی جانے والی غذا اور بنیادی سہولتوں کا جائزہ لیا۔ انہوں نے اسکول میں سہولتوں میںمزید اضافہ کے اقدامات کا تیقن دیا۔ انہوں نے بتایا کہ اسکول میں مقیم اقلیتی طلبہ کو اسلامی تعلیمات سے ہم آہنگ کرنے کیلئے ایک عالم کی خدمات حاصل کرنے کی تجویز ہے تا کہ طلبہ عصری تعلیم کے ساتھ ساتھ دینی تعلیم حاصل کرسکے ۔ طلبہ کو نماز اور دیگر عبادات کے طریقوں سے واقف کرانے کے علاوہ انہیں وہاں پڑھنے اور سمجھنے کے قابل بنایا جائے گا۔ جناب جلال الدین اکبر نے کہا کہ تلنگانہ کے ہر ضلع میں اقلیتی طلبہ کیلئے اس طرح کے اقامتی مدارس کے قیام کی تجویز ہے اور وہ حکومت کو اس سلسلہ میں رپورٹ پیش کریں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ اقامتی اسکول سے استفادہ کے سلسلہ میں اقلیتوں میں شعور بیدار کرنے کی ضرورت ہے ۔ ایسے غریب خاندان جو اپنے بچوں کی خانگی مدارس میں تعلیم کے متحمل نہیں ہوسکتے وہ سرکاری انگلش میڈیم اقامتی اسکولس میں بچوں کو داخل کرسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حکومت کی جانب سے فراہم کی گئی اس سہولت سے استفادہ کیلئے اقلیتوں میں تعلیمی پسماندگی کا خاتمہ کیا جاسکتا ہے ۔جناب جلال الدین اکبر اقلیتی اداروں اور رضا کارانہ تنظیموں پر زور دیا کہ وہ سرکاری انگلش میڈیم اقامتی اسکولس کی اہمیت اور افادیت کے بارے میں اقلیتوں میں شعور بیدار کریں۔اسپیشل آفیسر وقف بورڈ نے بعد میں مکہ مسجد پہنچ کر وہاں کے انتظامات کا جائزہ لیا ۔ انہوں نے وہاں موجود بعد انتظامی نقائص کو فوری درست کرنے کی ہدایت دی۔ ڈسٹرکٹ مائناریٹی ویلفیر آفیسر حیدرآباد کے ذریعہ تمام امور کی تحقیقات کی ہدایت دی گئی جو جلد ہی اپنی رپورٹ پیش کریں گے۔ انہوں نے بتایا کہ میڈیا کے ذریعہ مسجد کے انتظامات کے سلسلہ میں جو شکایات ملی ہیں ان کی جانچ کی جارہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ سکیوریٹی پر تعینات ہوم گارڈس کی تعداد میں اضافہ کی ضرورت ہے اس کے علاوہ مقررہ مدت کے بعد ان کی تبدیلی کے سلسلہ میں بھی کمانڈنٹ ہوم گارڈس کو سفارش کی جائے گی ۔ وہ بہت جلد کمانڈنٹ ہوم گارڈس کے ساتھ اجلاس میںسکیوریٹی کے امور اور سکیوریٹی عملہ کی تعداد پر بات چیت کریں گے۔انہوں نے کہا کہ مسجد کے حکام اور ملازمین کی سرگرمیوں پر بھی نظر رکھی جارہی ہے اور خاطیوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔اسپیشل آفیسر وقف بورڈ نے مسجد کے بیت الخلاوں کی مرمت اور درستگی کی ہدایت دی کیونکہ زیادہ تر مقامی تاجر اور سیاح ان کا استعمال کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ڈی ایم ڈبلیو حیدرآباد کی رپورٹ ملنے کے بعد مکہ مسجد کے امور میں اصلاحی قدم اٹھائے جائیں گے ۔