تاحکم ثانی خدمات جاری رکھنے کی ہدایت ،سرکاری حکمنامہ جاری
حیدرآباد یکم جولائی (این ایس ایس ) تلنگانہ کی ریاستی حکومت نے اپنے ادارہ جات میں عملے کی قلیل مدتی ضروریات کی تکمیل کیلئے محدود مدت پر مختلف محکمہ جات میں کنٹراکٹ / آوٹ سورسنگ بنیادوں پر متعلقہ افراد سے انفرادی خدمات حاصل کرنے کی اجازت دی ہے ۔ ایک سرکاری حکمنامہ کے مطابق 31 مارچ 2014 کو محکمہ فینانس کی پہلے ہی منظوری کے ساتھ کنٹراکٹ / آوٹ سورسنگ بنیادوں پر کام کرنے والے افراد کی خدمات میں 30 جون 2014 تک توسیع کی جائے۔ جس کے نتیجہ میں جنرل اڈمنسٹریشن (ایس آر ) ڈپارٹمنٹ نے نئی ریاست آندھرا پردیش اور تلنگانہ کے درمیان کام کرنے کیلئے کنٹراکٹ / آوٹ سورسنگ بنیادوں پر افراد کے عبوری تقررات کے احکام جاری کئے تھے۔ حکومت نے فیصلہ کیا ہے کہ کنٹراکٹ / آوٹ سورسنگ بنیادوں پر 2 جون تک کام پر رہنے والے افراد کو جنہیں محکمہ فینانس کی پہلے ہی منظوری حاصل ہے اور ان کی خدمات ریاست تلنگانہ کودی گئی ہیں تا حکم ثانی یا تاوقتکہ ان کی ضرورت در پیش رہے اپنا کام جاری رکھ سکتے ہیں۔ یہ احکام صرف انہی افراد پر نافذ ہوتے ہیں جن کے کنٹراکٹ راست سرکاری محکموں کی جانب سے کئے گئے ہیں اور وہ افراد جن کی خدمات فریق ثالث سے حاصل کی گئی ہیں اور وہ فی الحال دیہاتوں ، شہری مجالس مقامی ،منڈلوں ،ڈیویژنوں، اضلاعت، ملٹی زونل دفاتر میں خدمات انجام دے رہے ہیں۔ علاوہ ازیں ریاست تلنگانہ کے دیگر دفاتر سکریٹریٹ کے محکمہ جات سربراہان محکمہ جات ،ریاستی سطحی دفاتر وغیرہ میں بھی جہاں ان کے تقررات ہوئے تھے وہ اپنی خدمات جاری رکھ سکتے ہیں۔